نئی دہلی(یو این آئی) :کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور ہر عمر کے افراد اس کا شکار ہو رہے ہیں، لہٰذا حکومت کو ٹیکہ کاری کی عمر 25 برس کرنی چاہئے ۔محترمہ گاندھی نے ہفتہ کو یہاں پارٹی کے اعلی پالیسی ساز ادارے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوکورونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے ٹیکہ کاری کی عمر پر پھر سے غور کرنا چاہیے اور ذیابیطس اور گردوں کی جیسی مہلک بیماری سے متاثر 25 برس سے زیادہ کے نوجوانوں کو بھی یہ ٹیکہ لگایا جانا چاہئے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ملک میں متعدد جگہوں سے ویکسین کی کمی کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں لیکن حکومت ساڑھے 6 لاکھ سے زیادہ ویکسین برآمد کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں ، اور ان کی تعداد کو دیکھتے ہوئے حکومت کو پہلے اپنے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اس کا استعمال کرنا چاہئے ۔
کانگریس صدر نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو مل کر کورونا سے نمٹنے کی کوشش کرنی چاہئے اور جزوی کرفیو،ٹریفک پر پابندی لگانے اور لاک ڈاؤن جیسی صورت حال سے آگے کی حکمت عملی پر غور کرنا چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر اقتصادی سرگرمیوں پر پابندی لگے گی تو غریبوں کے لئے زندگی اور مشکل ہوجائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS