Image:Outlook India

کولکاتا (یواین آئی) : وزیر اعظم نریندری مودی نے آج مغربی بنگال کے کانتی میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی ’حکومت آپ کے دروازے ‘کی بات کرتی ہیں ۔لیکن انہیں معلوم نہیں ہے کہ بنگال کے عوام 2مئی کو باہر کا راستہ دکھائیں گے ۔مودی نے کہا کہ بنگال میں اصلی تبدیلی کی ضرورت ہے اور 2مئی کو یہ تبدیلی نظر آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ بنگال کے بچے بھی دیدی کا کھیل سمجھ چکے ہیں۔اس لئے 2مئی کو بنگال کے عوام اور نوجوان دیدی کو باہر کا راستہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت 25سال کی عمر کے نوجوانوں کیلئے بہت ہی اہم ہیں۔ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنگال کے مستقبل کیلئے ووٹ دیں اور بنگال میں حقیقی تبدیلی لائیں ۔ مودی نے کہا کہ بی جے پی کا بنگال کا منشور بنگال کے لوگوں کی ترقی اور امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کی حکومت نے صرف بنگال میں اندھیرا ہی پھیلایا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت عوام کو ’سونار بنگلہ‘دے گی۔ مودی نے ریاستی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال کا ساحلی ماحولیاتی نظام سنڈیکیٹ اور بدعنوانی کے ذریعہ برباد ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہلدیہ کی معیشت کو تباہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے ساحلی عوام کو منی کلچر اور بدعنوانی سے پاک کیا جائے اور یہ آپ کے ووٹوں کی طاقت پر منحصر ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت پیٹواگھاٹ فشینگ ہاربر کو جدید بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ سمندر کے ساحل میں سیاحت سے وابستہ بے پناہ معاشی سرگرمیاں ہوسکتی ہیں۔ مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت سیاحت کو فروغ کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے ۔مدنی پور کی ترقی کیلئے ڈبل انجن کی سرکارکی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی بنگال کی ترقی کیلئے پرعزم ہے ۔ہم بنگال کے مستقبل کیلئے بہت محنت کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS