ای۔ روپے پری پیڈ ڈجیٹل واؤچر کی حد ایک لاکھ روپے

0

نئی دہلی : (یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا نے مرکزی اور ریاستی ملازمین کے لیے جاری کیے جانے والے ای-روپے پری پیڈ ڈجیٹل واؤچر کی حد 10,000 روپے فی واؤچر سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ جمعرات کو ممبئی میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کی دو ماہی جائزہ میٹنگ کے فیصلوں کے بارے میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ آر بی آئی کی تجویز کے مطابق اس طرح کے واؤچرز کو اب رقم ختم ہونے تک کئی بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا(این پی سی آئی) کے ذریعہ تیار کردہ ای۔ روپے پری پیڈ ڈجیٹل واؤچر اگست 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس وقت کیش لیس ادائیگی میں لائے گئے اس واؤچر کی حد 10,000 روپے تھی اور ایک واؤچر صرف ایک بار استعمال کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستوں کی طرف سے جاری کردہ ای-روپے واؤچرز کی حد کو 10,000 روپے سے بڑھا کر 1,00,000 روپے فی واؤچر کرنے اور اس طرح کے ای-روپے واؤچرز کے ایک سے زیادہ استعمال کی اجازت دینے کی تجویز ہے، جب تک کہ واؤچر کو پوری طرح بھنا نہیں لیا جاتا ہے۔
آر بی آئی کے گورنر نے کہا کہ اس سے حکومتوں کے لیے اپنی مختلف اسکیموں کو استفادہ کنندگان تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS