روی شنکر اور ششی تھرور کے ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کے بعد بحال

0
image:indiatoday.in

نئی دہلی (ایجنسیاں) :آئی ٹی وزیر روی شنکر پرساد کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کئے جانے پر مچی ہلچل کے درمیان کانگریس لیڈر اور آئی ٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے صدر ششی تھرور کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بلاک کئے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔ ششی تھرور نے ٹوئٹر پر خود اس کی جانکاری دیتے ہوئے وہ ویڈیو بھی اشتراک کیا ہے، جس کو لے کر ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ بلاک کردیا تھا۔ تھرور نے کہاکہ ٹوئٹر سے اس کا جواب مانگا جائے گا۔ جمعہ کو ٹوئٹرنے امریکی قانون کی خلاف ورزی کا الزام لگاکر روی شنکر پرساد کے اکاؤنٹ کو ایک گھنٹے کیلئے بلاک کردیاتھا۔ ششی تھرور نے روی شنکر پرساد کے ٹوئٹر کو اشتراک کرتے ہوئے لکھا کہ’’روی جی میرے ساتھ بھی یہی ہوا۔ ڈی ایم سی اے ہائپر ایکٹیو ہورہاہے۔ ٹوئٹر کی جانب سے اس ٹوئٹ کو ہٹادیاگیا، کیونکہ اس ویڈیو پر بونی ایم سانگ’رس پوتن‘کا کاپی رائٹ ہے‘‘۔ ششی تھرور نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر میں کہہ سکتا ہوں کہ ہم ٹوئٹر انڈیا سے روی شنکر پرساد اور میرا اکاؤنٹ بلاک کرنے اور ہندوستان میں آپریشن کے ضابطوں اور عمل پر وضاحت طلب کریں گے۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر نے امریکی قانون کا حوالہ دیتے ہوئے مواصلات،الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد کے اکاؤنٹ کو ایک گھنٹے کیلئے بند کردیا۔ دوسری جانب پرساد نے ٹوئٹر کی اس کارروائی کو ملک کے نئے قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔ روی شنکر پرساد نے اس بارے میں ٹوئٹر کو ہدف تنقید بنایا ہے ۔ تاہم ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے کمپنی کی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ تقریباً ایک گھنٹے کے بعد کمپنی نے ان کا اکاؤنٹ اوپن کردیا۔مسٹر پرساد نے ٹوئٹر کا اسکرین شاٹ پہلے کرو ایپ پر شیئر کیا ۔ اس کے بعد انہوں نے ٹوئٹر پر اسکرین شاٹس شیئر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹوئٹر نے ان کے اکاؤنٹ کو ایک گھنٹے کیلئے بند رکھا۔روی شنکر پرساد نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ٹوئٹر کا یہ اقدام ہندوستانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹوئٹر کی نیت ٹھیک نہیں ہے اور اب یہ بات سمجھ میں آچکی ہے کہ ٹوئٹر آئی ٹی قوانین پر عمل کیوں نہیں کرنا چاہتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ملک میں نئے قوانین کے حوالے سے حکومت اور ٹوئٹر کے مابین تنازع برقرار ہے۔ تاہم ٹوئٹر نے ابھی تک روی شنکر پرساد کے اکاؤنٹ کو لاک کرنے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS