ممبئی، (پی ٹی آئی) : شیو سینا لیڈر سنجے رائوت نے جمعہ کو کہا کہ اجودھیا میںرام مندر نیاس کے ذریعہ زمین خرید میں مبینہ مالی بے ضابطگیاں مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ جانچ کے لیے ’مناسب معاملہ‘ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو کو ایک تجویز پاس کر کے ان ایجنسیوں کے ذریعہ زمین معاملے کی جانچ کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ ریاست کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے ممبئی اور ناگپور میں واقع احاطوں پر رقم وصولی معاملے کی جانچ کے تحت جمعہ کو کی گئی چھاپہ ماری کے حوالے سے اخباری نمائندوں کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بات کہی۔ بی جے پی کی مہاراشٹر اکائی کے ذریعہ اپنی ایگزیکٹو کی میٹنگ میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور شیو سینا کی طرف سے وزیر انل پرب کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کی جانچ کے مطالبہ کو لے کر قرار داد پاس کیے جانے پر نشانہ سادھتے ہوئے رائوت نے کہا کہ’سی بی آئی اور ای ڈی آپ کی پارٹی کے کارکنان ہیں یا پھر آپ کی آئی ٹی سیل کے رکان ہیں؟‘راجیہ سبھا کے رکن نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں سی بی آئی اور ای ڈی کا ’استعمال اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے کرکے‘ان کی اہمیت کم کی ہے۔ رائوت نے کہا کہ’مرکزی جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال صحیح نہیں ہے۔ اسے روکنا چاہیے۔ جانچ ایجنسیاں اگر قومی سکیورٹی، قومی فنڈ کو نقصان، رقم وصولی وغیرہ کے معاملوں کی جانچ کریں تو یہ سمجھ میں آتا ہے لیکن آپ ان ایجنسیو ں کی شبیہ کیوں مسخ کر رہے ہیں؟‘ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہا وکاس آگھاڑی (ایم وی اے) سرکار اس سال اپنے 2سال پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکار اگلے 3 سال بھی مستحکم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ’سرکار کو غیر مستحکم کرنے کے یہ ہتھکنڈے کام نہیں آئیں گے۔‘
دریں اثنا پنے میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ریاست وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے کہا کہ’انل دیشمکھ کا معاملہ عدالت میں زیر غور ہے اور ان کے خلاف ای ڈی کی کارروائی پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ ای ڈی کی چھاپہ ماری بی جے پی کے ذریعہ اجیت پوار اور انل پرب کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کی جانچ کی مانگ والی قرار داد کے ایک دن بعد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف کووڈ19- پر دھیان دینے کا وقت ہے لیکن بی جے پی غلط وقت پر غلط چیزیں کر رہی ہے۔
’رام مندر زمین خرید معاملہ سی بی آئی ، ای ڈی جانچ کیلئے مناسب‘
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS