ہنگامہ آرائی کے سبب راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر تک کےلئے ملتوی

0
Free Press Journal

نئی دہلی : (یواین آئی) راجیہ سبھا میں آج اپوزیشن کے ممبران کے پیگاسس جاسوسی معاملے اور کسانوں کے مسائل کے تعلق سے ہنگامہ کرنے کے سبب وقفہ سوال بہترطریقے سے نہیں چل سکا اوردرمیان میں ہی ایوان کی کارروائی دوپہردوبجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
ڈپٹی چیئرمین ہریونش نے پہلی بار کے ملتوی ہونے کے بعد وقفہ سوال شروع کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران اپوزیشن ممبر ایوان کے درمیان میں آکر نعرہ بازی کرنے لگے۔ حالانکہ ڈپٹی چیئرمین نے وقفہ سوال کوجاری رکھتے ہوئے زبردست شور وغل کے درمیان چار سوال کرائے لیکن کچھ بھی واضح سنائی نہیں دے رہا تھا۔
ہنگامہ کررہے ممبران کو خاموش رہنے اوراپنی اپنی سیٹوں پر جاکر سوال پوچھنے کی وہ مسلسل اپیل کرتے رہے۔ ممبران کے خاموش ہونے پر انہوں نےایوان کی کارروائی کودوپہر 12:34 بجے سے دوبجے تک کے لئے ملتوی کردی۔
اس سے قبل صبح چیئرمین ایم وینکیانائیڈو نے ضروری دستاویز میزپر رکھے جانے کے بعد کہا کہ ترنمول کانگریس کے سکھندو شیکھر رائے، کانگریس کی اَمی یاگک، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، راشٹریہ جنتادل کے منوج کمار جھا اورمتعدد ممبران کے ضوابط 267 کے تحت مختلف امور پر پیش کردہ تحریک التوا کونامنظورکردیا گیا ہے۔
اس کے بعد کانگریس اورترنمول کانگریس کے ممبرشورغل کرنے لگے۔ تبھی ترنمول کانگریس کے ممبرایوان کے درمیان آگئے اوراپنے مطالبات کے تعلق سے تختیاں دکھانے لگے۔ چیئرمین نے کہا کہ بدانتظامی کے بیچ انتظام کا معاملہ کیسے اٹھایا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS