نئی دہلی: لداخ کی وادیٔ گلوان میں چین اور ہندوستانی فوجیوں کے درمیان لڑائی میں زخمی ایک فوجی جوان کے والد کی جانب سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو دی گئی حب الوطنی کی صلاح کے حوالہ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے کانگریس کو نشانہ بنایا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بعد راٹھور نے کانگریس پر فوجی کے والد کو دھمکانے کا الزام عائد کیا ہے۔
راٹھور نے ہفتہ کے روز دیر رات ٹوئٹ کیا’’ضلع الور کے سپاہی سریندر سنگھ کے والد نے راہل گاندھی کو حب الوطنی کی صلاح کیا دی،راجستھان میں حکمراں کانگریس انتظامیہ نے سپاہی کے گھر پہنچنا اور اس پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے۔ مطلب کہ اب آپ سپاہی کے بوڑھے باپ کو دھمکیاں دے کر سیاست کریں گے۔‘‘
اس سے قبل امت شاہ نے کہا تھا کہ راہل گاندھی کو سطحی سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے سپاہی کے والد کا ایک ویڈیو ری ٹوئٹ کیاتھا ، جس میں بہادر فوجی کے والد یہ کہہ رہے ہیں کہ ہندوستانی فوج ایک مضبوط فوج ہے۔ زخمی فوجی کے والد نے کہا تھا ’’ہندوستانی فوج چین کیا کسی بھی ملک کی فوج کو شکست دے سکتی ہے۔ میں راہل گاندھی سے کہوں گا کہ وہ اس پر سیاست نہ کریں۔ میرا بیٹا فوج میں لڑا ہے اور صحت یاب ہو کر دوبارہ لڑے گا۔‘‘
شاہ نے ٹوئٹ میں کہا کہ بہادر سپاہی کے والد کی مسٹر راہل گاندھی کو دی گئی صلاح سے واضح ہے کہ ایسے وقت میں جب پورا ملک متحد ہے راہل گاندھی بھی سطحی سیاست سے اوپر اٹھ کر قومی مفاد کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔