Image:newstree.co.in

نئی دہلی : ریلوے کی نجکاری نہ کرنے ، ریلوے کو جدید بنانے ، مسافروں کو بہتر سہولت مہیا کرانے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی حکومت کی یقین دہانی کے ساتھ لوک سبھا نے منگل کے روزبجٹ 2021-22میں ریلوے کی وزارت کے تحت مطالبات زر کو منظوری دے دی۔مسٹر گوئل نے لوک سبھا میں مطالبات زر پر 6 گھنٹے سے زیادہ وقت تک چلی بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں کئی ارکان نے ریلوے کی نجکاری کئے جانے کی بات کہی ہے اور اس پر گہری تشویش بھی ظاہر کی ہے، لیکن میں واضح کردوں کہ ’انڈین ریلوے کا پرائیویٹائزیشن نہیں ہوگا اور ریل ہندوستانی حکومت کی ہی رہے گی‘۔انہوں نے ارکان سے ایوان میں ریلوے کی نجکاری نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی، لیکن یہ بھی کہا کہ اگر ریلوے میں پرائیویٹ سرمایہ آتا ہے تو اس کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے دلیل دی کہ سڑکیں ہندوستان کی جائیداد ہیں، لیکن کیا کوئی کہتا ہے کہ سڑک پر صرف حکومت کی گاڑیاں ہی چلنی چاہئیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اسی طرح کی کوششیں ریلوے لائن پر نہیں ہونی چاہئیں۔ریلوے کے وزیر نے کہا کہ ریلوے میں بڑی اصلاح کی جارہی ہے، جس میں مسافروں کی حفاظت اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا جارہا ہے اور اس کیلئے حکومت نے ریلوے کو مستقبل کیلئے تیار کرنے کے مقصد سے’قومی منصوبہ2030‘بنایا ہے۔ ریلوے کو جدید بنایا جارہاہے اور اس کیلئے ریلوے اسٹیشنوں پر سہولیات میں بہتری کی جارہی ہے، جس کے تحت ایل ای ڈی لائٹس لگانے کے ساتھ ہی اسکیلیٹرس اور لفٹ لگائی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS