کورونا اموات پر جھوٹ بول رہا ہے مرکز :کانگریس

0

سرسہ (یو این آئی) : ہریانہ یوتھ کانگریس نے ہندوستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد کے سلسلے میں مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے ۔ ریاستی یوتھ ضلع کانگریس کے صدر نودیپ کمبوج نے ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جمعہ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہندوستان میں 47 لاکھ ہندوستانیوں کی موت کورونا وائرس سے ہوئی ہے ۔ جبکہ حکومت ہند کے مطابق 4.8 لاکھ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے جاری کردہ اعداد و شمار سچ ہیں اور ان سے مودی حکومت کا جھوٹ بے نقاب ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے مودی حکومت ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے ہونے والی اموات کے بارے میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کیے گئے سائنسی اعداد و شمار کو غلط انداز میں پیش کر رہی ہے ، جب کہ ڈبلیو ایچ او کے جاری کردہ اعداد و شمار بالکل درست اور صحیح ہیں۔ مسٹر کمبوج نے کہا کہ اعداد و شمار کی اشاعت روکنے اور جھوٹ بولنے سے سچ کو نہیں چھپایا جا سکتا۔ آج مرکزی حکومت کو ملک میں صحت کی خدمات بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اعداد و شمار چھپانے کی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک اس ہولناک صورتحال کا گواہ ہے ، جب کورونا کی وجہ سے ندیوں کے کنارے لاشوں کی ڈھیر لگی تھی اور کتے ان لاشوں کو کھا رہے تھے ، لیکن ان مرنے والوں کی آخری رسومات ادا کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ مسٹر کمبوج نے کہا کہ آکسیجن اور ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے کورونا بحران کے دوران ہزاروں لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے بالواسطہ ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہوئے ہیں جو اپنے پرتعیش بنگلوں میں بیٹھ کر مزے لوٹ رہے ہیں لیکن عام شہریوں کو صحت کی اچھی سہولیات فراہم نہیں کر پا رہے ہیں جس کی وجہ سے ہندوستان کو پوری دنیا میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS