راہل دراوڑ نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو سیریز کے لیے ٹیم انڈیاکے عبوری ہیڈ کوچ

0
Image: Cricket Times

نئی دہلی،(یو این آئی) ہندوستان کے سابق کپتان راہل دراوڑ نے بلاشبہ روی شاستری کی جگہ ہندوستانی مرد ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے بی سی سی آئی کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہو ، لیکن وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے بعد نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے لئے ٹیم کےعبوری ہیڈ کوچ ہوسکتے ہیں۔
اگر اس پر اتفاق ہو گیا تو وہ اس سال دوسری مرتبہ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر نظر آئیں گے۔ اس سے قبل وہ رواں سال جولائی میں سری لنکا کے محدود اوورز کے دورے کے لیے ہندوستانی ٹیم کے عبوری کوچ کے طور ٹیم کے ساتھ تھے ، کیونکہ باقاعدہ کوچ روی شاستری انگلینڈ میں ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ تھے۔
واضح رہے کہ موجودہ کوچ روی شاستری اور ان کے معاون عملے کی مدت ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو جائے گی ، لیکن بی سی سی آئی کا خیال ہے کہ نیا کوچ ڈھونڈنے میں توقع سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے ، اس لیے بورڈ کی خواہش ہے کہ قومی کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے سربراہ راہل درواڑ نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو سیریز کے لئے ٹیم کے انچارج ہوں جو ٹی 20 ورلڈ کپ کے تین دن بعد 17 نومبر سے شروع ہو رہی ہے۔
سمجھا جاتا ہے کہ کچھ آسٹریلیائی کوچوں نے اس رول کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے ، لیکن بی سی سی آئی کسی اور جگہ جانے سے پہلے اس کردار کے لیے ایک ہندوستانی کوچ کو دیکھ رہا ہے۔ کوچ کی تلاش کے عمل کے ایک حصے کے طور پر ، بی سی سی آئی نے دراوڑ کو باقاعدہ کوچ بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی ، لیکن دراوڑ نے اس کے لئے انکار کردیا تھا۔
بورڈ نے بعد میں کچھ اور کوچوں سے بھی رابطہ کیا ، لیکن ابھی تک مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔ بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر کوچ کے لیے کوئی اشتہار نہیں دیا ، لیکن یہ بات یقینی ہے کہ شاستری کی جگہ کسی اور امیدوار کی تلاش کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS