پریاگ راج (ایس این بی،ایجنسیاں) : الہ آباد ہائی کورٹ نے تبلیغی جماعت کے اراکین کے خلاف داخل چارج شیٹ اور کیس ڈائری پیش کرنے کے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کرنے پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ریاست کے تین اضلاع ہاپوڑ، شاہجہانپور اور مئو کے ضلع کپتانوں کو آئندہ 15جولائی کو عدالت میں طلب کیا ہے۔ فاضل عدالت نے تینوں اضلاع کے ایس پی سے وضاحت طلب کی ہے کہ کس وجہ سے عدالت کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا۔ یہ حکم جسٹس اجے بھنوٹ نے گزشتہ سال مارچ میں کورونا وبا کے دوران جماعت کے ارکان کی گرفتاری سے متعلق رٹوں کی سماعت کرتے ہوئے دیا ہے۔ واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ 8جون کے حکم میں حلف نامہ داخل کرنے اور ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کی کاپی مدعی کے وکیل کو مہیا کرانی تھی، لیکن عدالت کے اس حکم پر عمل نہیں کیا گیا اور سرکاری وکیل نے عدالت سے اس کے لیے مزید وقت مانگا۔ مدعی کے وکیل کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ سے آئی جماعت کے ارکان کے پاسپورٹ جمع ہیں، ویزے کی مدت ختم ہوگئی ہے، سماعت میں تاخیر ہونے اور پیسہ ختم ہونے کے سبب مدعی فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔تھائی لینڈ میں رہنے والے ان کے اہل خانہ بھی بے حد پریشان ہیں۔ ان کی طرف سے یہ بھی دلیل دی گئی کہ جماعت کے اراکین نے نہ تو کورونا پھیلایا اور نہ ہی اپنے پاسپورٹ کا غلط استعمال کیا۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 15 جولائی کو ہوگی۔غور طلب ہے کہ گزشتہ سال مارچ میں دہلی میں مرکز نظام الدین میں ہونے والے جلسہ کے بعد تبلیغی جمات کے ارکان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے مرکز میں شامل ہونے کی اطلاع دے کر کورونا کی جانچ کرانے کے بجائے ملک کے متعدد شہروں میں پھیل گئے جس سے کورونا کی وبا کا پھیلاؤ ہوا۔ یوپی کے شاہجہانپور اور ہاپوڑ اضلاع سے گزشتہ سال اپریل کو تھائی لینڈ سے آنے والی 18 جماعت کے ارکان کوگرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔گرفتار شدہ جماعت کے ارکان پر وبائی قانون اور فارینرس ایکٹ کے ساتھ آئی پی سی کی دفعات میں بھی مقدمات درج کئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ مئو ضلع سے گرفتار کئے گئے جماعت کے ارکان پر اقدام قتل کی آئی پی سی کی دفعہ 307 کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے پہلے ہی اس مقدمہ میں کارروائی پر روک لگا دی تھی۔ واضح رہے کہ ان جماعت کے ارکان نے اپنے خلاف داخل کی گئی چارج شیٹ کو چیلنج کرتے ہوئے مقدمہ کی کارروائی کو منسوخ کئے جانے کی اپیل کی تھی۔ غیر ملکی جماعت کے ارکان کی دلیل تھی کہ ان کے خلاف وبائی قانون اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ قائم ہی نہیں کیا جا سکتا اور پولیس نے منمانے طریقہ سے ان کے خلاف کارروائی کی۔جماعت کے ارکان کی عرضیوں پر عدات نے 8 جون کے حکم میں ملزمان کے خلاف دائر چارج شیٹ اور کیس ڈائری طلب کر لی تھی۔ سرکاری فریق کی جانب سے چارج شیٹ اور کیس ڈائری مقررہ 5 جولائی کو طے کی گئی تاریخ پر بھی پیش نہ کئے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس اجے بھنوٹ کی سنگل بنچ نے عدالت کے احکامات پر عمل نہ کئے جانے پر شاہجہانپور، ہاپوڑ اور مئواضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو ذاتی طور پر طلب کر لیا ہے۔
تبلیغی جماعت کے اراکین کی گرفتاری کے معاملہ میں یوپی پولیس کے رویہ پر اٹھے سوال
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS