پنجاب میں’ایک ایم ایل اے ایک پنشن‘قانون نافذ

0

گورنربنواری لال پروہت نے مہرثبت کی،قانون بننے سے عوام کے ٹیکس کا زیادہ پیسہ بچے گا: وزیراعلیٰ بھگونت مان
نعیم خان
چنڈی گڑھ(ایس این بی) : پنجاب کے گورنر بنواری لال پروہت نے پنجاب حکومت کے ’ایک ایم ایل اے ایک پنشن‘سے متعلق نوٹیفکیشن کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ قانون نافذ ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عوام کے ٹیکس کا پیسہ بچ جائے گا۔11 اگست کو پنجاب حکومت نے ’ایک ایم ایل اے ایک پنشن‘کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ گورنر پنجاب کی جانب سے ایکٹ کی منظوری کے بعد اب پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق پنجاب اسٹیٹ لیجسلیچر ممبرز (پنشن اینڈ میڈیکل فیسیلٹیز ریگولیشن) ایکٹ، 1977 کے سیکشن 3 کی ترمیم شدہ ذیلی دفعہ (1) اب ذیل میں پڑھی جائے گی۔
ہر وہ شخص جو ممبراسمبلی رہا ہے اس کو 60000 روپے ماہانہ پنشن کے علاوہ مہنگائی الاؤنس (جیسا کہ پنجاب حکومت کے پنشنرز پر لاگو ہوتا ہے) ادا کیا جائے گا۔ اس سے قطع نظر کہ اس شخص نے ممبر کی حیثیت سے کتنی مدت تک خدمات انجام دی ہیں اور پنجاب قانون ساز اسمبلی کی مدتوں کی تعداد جس میں اس شخص نے بطور رکن کام کیا ہے۔ اگر کوئی شخص جو ممبر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے 65 سال 75 سال اور 80 سال کی عمر کو پہنچ جائے تو وہ بالترتیب 5 فیصد، 10 فیصد اور 15 فیصد اضافے کا حقدار ہوگا۔ پنجاب حکومت نے حال ہی میں ودھان سبھا میں ایک تجویز پاس کی تھی کہ ریاست کے سابق ایم ایل اے کو ہر مدت کے لیے دی جانے والی پنشن کے بجائے صرف ایک پنشن دی جائے، اسے گورنر کی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا۔ گزشتہ مارچ سے ریاست کو سابق ایم ایل ایز کو پنشن کی ادائیگی بھی روک دی گئی تھی۔ گورنر کی منظوری سے یہ ایکٹ اگست کے مہینے میں قانون بن گیا ہے، جس کی وجہ سے سابق ایم ایل اے کی مارچ سے جولائی تک کی پنشن سابقہ اصول کے مطابق ادا کی جائے گی۔ریاستی حکومت نے 30 جون کو قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران ریاست کے سابق ایم ایل ایز کو دی جانے والی پنشن کے بارے میںپنجاب اسٹیٹ لیجسلیچر ممبرز (پنشن اور طبی سہولیات کا ضابطہ) ترمیمی بل 2022 منظور کیا تھا۔ اس کے بعد یہ ترمیمی بل گورنر کی منظوری کے لیے بھیجا گیا تھا جسے گورنر نے اب منظوری دے دی ہے۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ٹویٹ کیا ہے کہ گورنر نے ایک ایم ایل اے ایک پنشن کے گزٹ نوٹیفکیشن کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ مجھے پنجابیوں کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اس سے عوام کے ٹیکس کے پیسے بچیںگے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS