بہار کے مختلف اضلاع میں عوامی رابطے کی مہم قابل تعریف:انور پاشا

0

مائنارٹی ویلفیئر اینڈ پروموشن آف اردو کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی دہلی میں خصوصی میٹنگ

نئی دہلی،(یو این آئی):مائینوریٹی ویلفیر اینڈ پروموشن آف اردو موومنٹ کی خصوصی میٹنگ جے این یو کے ایس آئی ایل میں تنظیم کے سرپرست اورممتاز دانشور پروفیسر انورپاشا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں دہلی کی مختلف یونیورسٹی کے ملک گیر شہرت یافتہ پروفیسر شامل ہوئے اور بہار میں اس تنظیم کے ذریعہ مختلف اضلاع میں گھوم گھوم کر عوامی رابطے کی زبردست کوششوں کی ستائش اپنے اپنے تاثرات میں کرتے ہوئے اسے مستقبل کی یادگارعلامت بتایا۔
استقبالیہ تقریر میں پروفیسر پاشا نے گزشتہ ایک سال سے تنظیم کے عوامی رابطے کی مہم کو تاریخی بتاتے ہوے اپریل سے بہار میں اردو کے فروغ اور ذات برادری کی تفریق سے پھیلنے والی نفرت کو ختم کرنے اور آپسی میل جول سے ایک خوشگوار فضا بنانے میں مصروف تنظیم اور اس سے جڑے سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔ساتھ ہی مگدھ ڈویژن،گیا میں شامل اضلاع و ترہت ڈویژن مظفرپورمیں شامل اضلاع کے دانشوروں اور منتظمین کو مبارک باد دی۔
سینئر صحافی مسٹراحمد جاوید نے تنظیم کی کوششوں کو عوامی مقبولیت کے ساتھ بتاتے ہوے روشن امکانات کی پیشین گوئی کی۔
دہلی یونیورسٹی کے استاد پروفیسر محمد کاظم نے اب تک اردو کے حوالے سے کی گئی کوششوں میں اسے اہم ترین بتاتے ہوئے وقت کی ضرورت بتایا۔ جے این یو کے مشہور استاد پروفیسر توحید خاں نے اپنی دلی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوے بہار کے رابطے کے ساتھ اسے اردو کہ حوالے سے اپنی شناخت رکھنے والے ملک کے دوسرے شہروں سے بھی جوڑنے کی بات کہتے ہوئے اپنے تعاون کی بات کہی۔اسکے علاوہ ڈاکٹر ابو ظہیر ربانی،ڈاکٹر ارمان انصاری اور شاہد خاں نے بھی اس اہم اور معیاری کوشش کو سراہا۔
تنظیم کے چیرمین اردو دنیا و تنظیمی دنیا کے مشہور نام ڈاکٹر شکیل معین نے حاضرین کی نیک خواہشات کے لئے ان کا شکریہ اور ہزاروں کی تعداد میں شامل بہار کے تمام دانشوروں کے تعاون کی تفصیل دی اور شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سال کے دسمبر کی پندرہ تاریخ تک تنظیم کہ رابطے کی مہم کو پورا ہونے کی بات کہتے ہوے یہ بتایا کہ 30 دسمبر سے پہلے حاصل کوششوں کے حوالے سے پورے بہار کے منتظمین اور دہلی و لکھنوکہ دانشوروں کے ساتھ دو روزہ ورک شاپ (سیمینار)کا انعقاد بہار کی خوبصورت ترین جگہ والمیکی نگر(بگہا)میں ہوگا اور اس کے بعد پٹنہ میں جنوری میں عام اجلاس ہوگا،جس میں تنظیم اپنے اغراض و مقاصد کے حوالے سے اپنے منشور کو حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
واضح ہو کہ تنظیم کے چیرمین مشہور شاعر و معیاری سماجی اور عوامی شخصیت ڈاکٹر شکیل معین اور مشہور صحافی اور دانشور احمد جاویدکے اعزاز میں یہ اہم میٹنگ تنظیم کے سرپرست پروفیسر انورپاشا نے بلائی تھی۔
باہمی مشورے میں یہ بھی طے پایا کہ تنظیم کا اپنا ایک ماہانہ اخبار شائع ہوگا جوتنظیم کا ترجمان ہوگا اورتنظیم کے مقصد کے حصول میں دل و جاں سے لگے دانشوروں (مشاورتی بورڈ)میں سبھی نکتے پر اگلے مہینے مشورہ ھوگا۔اس جلسے کی کامیاب اور معیاری نظامت مشہور ادیب ڈاکٹر شفیع ایوب نے کی اور اختتام پروفیسر انور پاشا کے اظہار تشکر کے ساتھ ہوا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS