پرینکا کا انتخابی میدان میں قدم، ہاتھ کو ملے گادم،جانیں کس اسمبلی حلقے پرہے نظر

0
Image: Punjab Kesari

نئی دہلی،(یو این آئی):انتخابی حکمت ساز پرشانت کشور نے اتر پردیش کی انچارج کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو مشورہ دیا ہے کہ انہوں نے ریاست میں کانگریس کو مضبوط کرنے کے لیے جس طرح محنت کی اس کو نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے اسمبلی الیکشن لڑنا چاہئے۔
کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں کارکنوں کے اجلاس میں پارٹی کی صورتحال کے بارے میں رائے حاصل کرنے کے لیے تین روزہ پروگرام میں حصہ لینے اور اپنے خاندان کی روایتی پارلیمانی نشستوں رائے بریلی اور امیٹھی کا دورہ کرنے کے بعد انہیں جو جوش و خروش دیکھنے کو ملا ہے، اسے ذہن میں رکھتے ہوئے، وہ اسمبلی انتخابات لڑنے کے مشورے سے اتفاق کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ پرینکا گاندھی پارٹی کے ریاستی عہدیداروں کی میٹنگ میں موصولہ تاثرات سے بہت خوش ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ پارٹی مضبوط ہورہی ہے اور وہ انتخابات میں فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ کانگریس صدر سونیا گاندھ رائے بریلی سے لوک سبھا کی رکن ہیں جبکہ ان کے بھائی راہل گاندھی نے امیٹھی سے لگاتار تین انتخابات جیتے ہیں لیکن وہ آخری لوک سبھا الیکشن بی جے پی کی اسمرتی ایرانی سے ہار گئے تھے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پرینکا گاندھی خاندان کے ان دو پارلیمانی حلقوں میں سے کسی ایک سے امیدوار بن سکتی ہیں۔ ذرائع نے یہاں تک بتا دیا ہے کہ پرینکا گاندھی گور گنج سیٹ سے الیکشن لڑنے کی خواہشمند ہیں۔ پچھلے عام انتخابات میں، جب وہ سرگرم سیاست میں داخل ہوئی تھیں اور کانگریس کی مشرقی اترپردیش کی انچارج بنیں، گوری گنج کے لوگ ان کے استقبال کے لیے دہلی آئے اور جنرل سکریٹری کی حیثیت سے وہ پہلی بار کانگریس ہیڈ کوارٹر میں ان سے ملاقات کی تھیں۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے بھی دو دن پہلے کہا تھا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات محترمہ پرینکا گاندھی کی قیادت میں لڑے جائیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS