ممبئی :(ایجنسی) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے رئیلیٹی شو’’دی ایکٹیوسٹ‘‘کا حصہ بننے پر معافی مانگ لی۔ شو کے فارمیٹ کے مطابق اس میں 6 لوگ حصہ لینے والے تھے اور پریانکا،اشراورجولیانا ان 6 لوگوں کی تین ٹیموں کے جج تھے۔ شو میں یہ تینوں ٹیمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرنے والی تھیں اورجو ٹیم سب سے اچھا مظاہرہ کرتی اسے فاتح قراردیاجاتا۔ شو کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ اس میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑی ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہوئے معاشرے میں تبدیلی لے کر آئیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر شو کے فارمیٹ
— PRIYANKA (@priyankachopra) September 16, 2021
کو لے کر تنازع کھڑا ہوگیا اور لوگوں نے اس پر تنقید کرنی شروع کردی۔ لوگوں کا شو کے بارے میں کہنا ہے کہ سماجی کارکن ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ نہیں کرتے بلکہ یہ شو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سماجی تبدیلی لانے کے بارے میں ہونا چاہئے تھا۔ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اس شو میں بہت زیادہ پیسہ خرچ کیا جارہا ہے بڑے بڑے اور مہنگے سیلیبریٹیز کو شو میں لایا جارہاہے تو اس سے بہتر تو یہ ہے کہ آپ یہ پیسہ ٹی وی شو میں لگانے کے بجائے براہ راست سماج میں تبدیلی لانے کے لیے خرچ کریں۔ لوگوں نے شو کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں منفی ردعمل دیا اور شو کو بے حسی پر مبنی قرار دیا۔شو کو ملنے والے منفی ردعمل کے بعد پریانکا چوپڑا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک آفیشل بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو مایوس کرنے پر معافی مانگی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا ہے کہ میکرز اس شو کے فارمیٹ کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں۔
پریانکا چوپڑا نے اپنی پوسٹ میں لکھا میں گزشتہ ہفتے سے آپ لوگوں کا ردعمل دیکھ رہی ہوں اور جب لوگ بڑی تعداد میں کسی چیز کے بارے میں آواز اٹھاتے ہیں تو ہمیشہ اس کا اثر ہوتا ہے۔ شو غلط ہوگیا اور مجھے افسوس ہے کہ شو میں میری شرکت نے آپ میں سے بہت سے لوگوں کو مایوس کیا۔ ’’دی ایکٹیوسٹ‘‘رئیلیٹی شو سی بی ایس اور گلوبل سٹیزن کے تعاون سے پیش کیاجارہا تھا۔ تاہم بدھ کے روز سی بی ایس اور ان کے پروڈکشن پارٹنر زگلوبل سٹیزن اور لائیو نیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ ’’دی ایکٹیوسٹ‘‘کی پانچ قسطوں پر مشتمل مقابلہ سیریز کے بجائے اب اسے ایک وقتی دستاویزی فلم کے طورپر دوبارہ تشکیل دے رہے ہیں۔