دارالعلوم فیض محمدی کے سربراہ اعلیٰ مولا نا قاری محمد طیب قاسمی کو صدمہ

0

آنند نگر مہراج گنج(عبید الرحمن الحسینی) دارالعلوم فیض محمدی کے سربراہ اعلٰی مولانا قاری محمد طیب قاسمی کی صاحبزادی ومدرسہ اقرأ گرلس اسکول نسواں بہورپور کی پرنسپل محترمہ عظمیٰ وافیہ کے انتقال پر ادارہ کی مسجد النور ،، میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد ، ناظم اعلیٰ مولانا سعد رشید ندوی کی صدارت میں ہوا، جس میں طلباء سمیت جملہ اساتذہ وکارکنان نے شرکت کرکے مرحومہ کے حق میں قرآن خوانی کے ذریعہ ایصال ثواب کیااور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعائیں کیں۔
دارالعلوم فیض محمدی کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: آج ہم سب سوگوار ہیں کہ سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی کی صاحبزادی عظمیٰ وافیہ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں، یقینا یہ اندوہناک حادثہ ہے،اس حادثہ کے سوگ میں اقرا فاؤ نڈیشن کے تمام ذیلی ادارے دارالعلوم فیض محمدی، مدنی منی آئی ٹی آئی، اقراء اسکول میں تین دن تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہم سبھی جانتے ہیں کہ دنیا سے رحلت کرنا ہم سب کیلئے مقدر ہے، لیکن کسی کی اولاد کا رخصت ہوجانا کسی بڑے سانحہ سے کم نہیں ہے، یہ ایسا صدمہ ہے کہ اس سے بڑا کوئی صدمہ نہیں ہوسکتا، بلاشبہ اولاد کا جوانی میں انتقال کر جانا بڑی دولت کا ہاتھ سے چھوٹ جانا ہے، جس کی کبھی بھرپائی نہیں ہوسکتی، مرحومہ اقر اء اسکول (تسلیم شدہ عربی فارسی بورڈ اترپردیش) میں تقریبا سات سال سے پرنسپل کے عہدے پر فائز رہ کر تعلیمی خدمات انجام دے رہی تھیں۔ صوم وصلاۃ کی پابند ، ملنسار،اورعمدہ اخلاق جیسی خوبیوں سے متصف ہونے کے ساتھ اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون تھےں، کڈنی ودیگر موذی امراض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ادھر تقریبا ڈیڑھ مہینے سے پی ، جی ، آئی لکھنو میں زیر علاج تھیں، افاقہ کم مگر بیماری کی شدت میں اضافہ ہوتاگیا، جس کے سبب قلب نے بھی کام کرنا بند کردیا، ڈاکٹروں کی ہر ممکن کوشش اور علاج کی تدبیر کے باوجو د جانبر نہ ہوسکیں ، اور اپنی جان جان آفریں کے حوالہ کردیں۔اورپھر انہیں دارالعلوم فیض محمدی کے احاطے میں منہا خلقناکم وفیہا نعیدکم ومنہا نخرجکم پڑھتے ہوئے سپرد خاک کردیا گیا۔اللہم ارحم علیہا۔
اس تعزیتی نشست میں خاص طورپر مولانا طارق شفیق ندوی۔ مفتی احسان الحق قاسمی مولانا محمد صابر نعمانی ، مولانا ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، مولانا وجہ القمر قاسمی ، مولانا یحیٰ ندوی ، مولانا افضال احمد قاسمی، مولانا محمد سعید قاسمی، مفتی محمد انتخاب ندوی، مولانا شکراللہ قاسمی، حافظ ذبیح اللہ ، ماسٹر فیض احمد ، ماسٹر محمد عمر خان، ماسٹر جمیل احمد ، ماسٹر شمیم احمد ، ملا محمد مسلم ، محمد قاسم وغیرہ موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS