پرینکا کا مودی سرکار پر کورونا کے اعداد و شمار میں بازیگری کرنے کا الزام

0
image:timesofindia.indiatimes.com/

نئی دہلی : (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ مودی سرکار کورونا وبا کے دور میں بھی اعداد و شمار کی بازیگری سے باز نہیں آئی اور کورونا متاثرین سے لے کر مرنے والوں کی تعداد کا اعداد و شماربتانے میں کھیل کرتی رہی ہے۔
پرینکا واڈرا نے پیر کو فیس بک پر اپنی’ذمہ دار کون ابھیان‘کے تحت جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت نے شروع ہی سے ہی کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور کورونا متاثرین کی تعداد شرح میں دکھا یا لیکن وہ کورونا کے ٹسٹگ کے اعداد و شمار کی مجموعی تعداد ہی بتاتی رہی ۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی حکومت ویکسی نیشن کے اعداد و شمار کی کل تعداد بتا رہی ہے نہ کہ آبادی کا تناسب۔ اس میں سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ ایک میں ویکسی نیشن کی پہلی اور دوسری خوراکیں جوڑ کر بتارہی ہے اور یہ اعداد و شمار کی بازیگری ہے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ کورونا کی وبا میں لوگوں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ اعداد و شمار میں شفافیت برتیں،کیونکہ اس وبا کا پھیلاؤ،وائرس کی پوزیشن ،کہاں سیل کرنا ہےکہاں جانچ میں اضافہ کرنا ہے حکومت نے اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔
پرینکا وڈرا نے کہا ’’ماہرین کا خیال ہے کہ پہلی لہر کے دوران اعداد و شمار کو ظاہر نہ کرنا دوسری لہر میں اس طرح کی تباہ کن صورتحال کی ایک بڑی وجہ تھی۔ اس کو بیداری کا ذریعہ بنانے کے بجائے حکومت نے اعداد و شمار کو بازیگری کا ذریعہ بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق تمام اعداد و شمار کو صرف سرکاری چیمبرز میں قید رکھا گیا اور سائنسدانوں کے اس ڈیٹا کو عام کرنے کے مطالبہ پر توجہ نہیں دی گئی ۔
حکومت کس طرح اعداد و شمار کا کھیل کھیل رہی ہے اس کی مثال دیتے ہوئے کہ انہوں نے کہا کہ دوسری لہر کے دوران گجرات میں 71 دن میں ایک لاکھ 24000 ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے تھے ، لیکن گجرات حکومت نے ریاست میں کورونا وائرس کی وجہ سے 4218 اموات کی اطلاع دی ۔ گجرات کے چار شہروں میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق اور حکومت کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کے اعداد و شمار ہم آہنگ نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ احمد آباد میں 13،593 ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے جب کہ سرکاری سطح پر جاری اموات کی تعداد 2،126 ہے۔ اسی طرح سورت میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ 8،851 ہے جب کہ سرکاری اعداد و شمار میں ہلاکتوں کی تعداد 1،074 ہے۔ اسی طرح ،راج کوٹ میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ 10،887 ہے اور سرکاری اعداد و شمار میں مرنے والوں کی تعداد 208 بتائی گئی ہے۔ بڑودہ میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ 7،722 ہے جب کہ سرکاری اعداد و شمار میں اموات کی تعداد 189 ہے

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS