وزیراعظم کا قوم سے خطاب

0

اس میں کوئی کلام نہیں کہ وزیراعظم نریندرمودی ایک بے مثال مقرر ہیں۔ اپنے خطا ب اور تقریرسے وہ مردہ رگوں میں جان ڈال دیتے ہیں۔ جوش، ولولہ ، امنگ اور عزم و حوصلہ سے بھری ہوئی ان کی باتیں اہل وطن میں کچھ کرنے اور کرگزرنے کا ایسا حوصلہ پیدا کرتی ہیں کہ وہ چٹانوں سے ٹکرا جاتے ہیںا ور طوفانوں کا رخ موڑ نے کا جذبہ اپنے اندر پاتے ہیں۔آج ایک بار پھر وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے قوم کو یہی حوصلہ ، امنگ اور جولانی بخشی ہے۔ عرصہ ڈیڑھ سال سے کورونا بحران میں مبتلا قوم خود کو حالات کے سامنے بے بس محسوس کررہی تھی لیکن وزیراعظم کے خطاب کے بعد اب یہ احساس ہو رہا ہے کہ ہم نے کورونا بحران سے جاری جنگ میں بھلے ہی بہت کچھ کھودیا ہو لیکن ہم اس جنگ میں مسلسل فتح کی جانب بڑھ رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں ہے جب کورونا وائرس اور معاشی بحران ماضی کی بھیانک تاریخ بن کر رہ جائے گی۔
ایک ارب لوگوںکو ویکسین دیے جانے کی قابل فخر کارگزاری کے ذکر سے شروع ہونے والی وزیراعظم کی تقریرکا ہر جملہ زخمی بدن پر ایک نرم پھائے کی طرح تھا۔ معاشی بحران سے نجات، روزگار کے نئے مواقع اور بڑھتی سرمایہ کاری کے سلسلے میں وزیراعظم نے جو باتیں کہیں، وہ کسی مژدہ جاں فزا سے کم نہیں ہیں۔وزیراعظم نے کورونا ویکسین کی بڑھتی ہوئی کوریج کے ساتھ ہر شعبہ میں تیزترین مثبت سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر چہار جانب اعتماد، حوصلہ، جوش و امنگ کی فضاپائی جارہی ہے۔اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے عوام الناس کو متنبہ بھی کیا ہے کہ وہ ایک ارب ویکسین ہوجانے کو اس جنگ کی مکمل کامیابی نہ سمجھیں، جنگ کا اصول یہ ہے کہ جب تک جنگ ختم نہیں ہوتی ہے ہتھیار نہیں ڈالے جاتے ہیں، اسی طرح جب تک کورونا مکمل طور پر ختم نہ ہو احتیاطی تقاضوں کا خیال رکھیں، محتاط رہیں۔ وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ تہواروں کے اس موسم میں ہم سب کو بہت محتاط رہنا ہوگا کیونکہ ابھی تک کورونا وباسے مکمل طور پر نجات نہیں ملی ہے، اس لیے جس طرح ہم گھر سے باہر جاتے ہوئے جوتے پہننا نہیں بھولتے، اسی طرح ہمیں ماسک کو نہیں بھولنا چاہیے۔
یہ درست ہے کہ کورونا بحران نے ہندوستان کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے اور عوام کو چند ایک مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے لیکن اب ہندوستان بڑی تیزی کے ساتھ بحالی کی جانب گامزن ہے۔وزیراعظم نریندر مودی کے مطابق ماہرین معیشت اور ملکی نیز غیر ممالک کی بھی کئی ایجنسیاں ہندوستان کی معیشت کے بارے میں کافی پرامید ہیں۔ ملک میں نہ صرف ریکارڈ سرمایہ کاری ہورہی ہے بلکہ روزگار کے نت نئے مواقع بھی وضع کیے جارہے ہیں۔ نئے اسٹارٹ اپس کے ساتھ پرانوں میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہورہی ہے۔یہ سرمایہ کاری ملک میں نئی صنعتیں لگانے، نئے کاروبار شروع کرنے کا وسیلہ ہے اور اس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملنا یقینی ہے۔ جب پوری دنیا کورونا بحران کے دوران اپنے پروجیکٹ اور کاروبار سمیٹ رہی تھی، اس وقت وزیراعظم کی قیادت میں ہندوستان ترقی کے نئے نئے منصوبے بنا رہا تھا اور آج ان پر عمل درآمد بھی شروع ہوگیا۔ 13اکتوبر کو شروع کیاجانے والا ’ گتی شکتی‘ پروجیکٹ درحقیقت ملک میں معاشی ترقی اور خوشحالی کی ایک نئی صبح لے کر طلوع ہونے والا ہے۔ وزیراعظم نے ’ گتی شکتی‘ پروجیکٹ کوبجاطورپر ہندوستان میں ترقیاتی انقلاب کا آغاز قرار دیا ہے۔اس پروجیکٹ کے ذریعہ ملک بھر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بناتے ہوئے ہوائی، ریل اور سڑک رابطہ کو ایک کڑی میں پرویا جانا ہے۔ 100لاکھ کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ سے ملکی معیشت کی نہ صرف کایاپلٹ ہوجائے گی بلکہ 5کھرب کی معیشت کے خواب میںبھی رنگ بھراجاسکتا ہے۔اسی طرح نئی ڈرون پالیسی بھی کاروبار کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے منافع کے نئے نئے در کھولے گی۔آج جب دنیا ایک گائوں کی شکل اختیار کرچکی ہے، ایسے میں ڈرون کے ذریعہ سامانوں کی منتقلی اور دیسی ساختہ ڈرون کی برآمد بھی نئے کاروباری مواقع کا آغاز ہے۔ وزیراعظم مودی نے اپنی تقریر میں زراعت کے شعبہ کی تعریف بھی کی ہے اور کہا کہ کورونا بحران کے دور میں زراعت نے ملکی معیشت کومضبوطی سے سنبھالے رکھا،آج ریکارڈ سطح پر حکومت اناج کی خریداری کررہی ہے اور رقم براہ راست کسانوں کے بینک اکائونٹ میں جارہی ہے۔
تمام تر ناموافق حالات کے باوجود ملک میں ترقی کا قافلہ ایک لمحہ کیلئے بھی نہیں رکا ہے۔ان سب کے باوجود کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو کانٹوں کی ہلکی سی چبھن پر بھری بہار کو کوس رہے ہیں،جسے بہرحال درست نہیں کہاجاسکتا ہے۔کورونا، معیشت، بے روزگاری، مہنگائی نے پوری دنیا میں ڈیرا ڈال رکھا ہے لیکن اب بہت جلد ہندوستان سے اس کے خیمے اکھڑنے والے ہیں اور وزیراعظم نے اپنی تقریر میں اہل وطن کو یہی مثبت پیغام دیا ہے۔
[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS