وزیراعظم مودی کی چادر درگاہ اجمیر شریف کیلئے روانہ

0

نئی دہلی (اظہار الحسن/ایس این بی): وزیر اعظم نریندر مودی نے خواجہ معین الدین چشتی کے812ویں عظیم الشان عرس کی تقریبات کے موقع پر، خواجہ غریب نواز کی شان میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بی جے پی اقلیتی مورچہ کی نمائندگی میں مسلم کمیونٹی کے ایک خصوصی وفد کو اپنی طرف سے چادر سپرد کی۔ وزیر اعظم نے مسلم کمیونٹی کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات کے دوران اقلیتی امور سے متعلق مختلف موضوعات پر بھی تبادلہ خیا ل کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک خصوصی وفدکے ذریعہ خواجہ غریب نواز حضرت معین الدین چشتی کی درگاہ پر چادر چڑھائی جائے گی اور ملک میں خوشی، امن و سلامتی، ترقی اور باہمی اخوت و ہمہ آہنگی کیلئے دعائیں بھی کی جائیں گی۔ وزیر اعظم مودی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھاکہ ’مسلم کمیونٹی کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس دوران میں نے مقدس چادر پیش کی، جو خواجہ معین الدین چشتی کے عرس کے موقع پر مشہور اجمیر شریف درگاہ پر چڑھائی جائے گی۔

وزیر اعظم نے جمعرات کو لوک کلیان مارگ پر اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی کی موجودگی میں مسلم کمیونٹی کے ایک وفد سے ملاقات کی اور مقدس چادر پیش کی، جو ان کی طر ف سے اجمیر میں خواجہ معین الد ین چشتی کی درگاہ پر چڑھائی جائے گی۔ اجمیر شریف درگاہ پر خواجہ معین الدین چشتی کا عرس اتحاد، امن اور صوفی روایات کے احترام کی علامت ہے‘۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم کے ذریعہ چادر سونپے جانے کے موقع پر ملاقات کے دوران جن شخصیات نے شرکت کی ان میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی،بی جے پی کے قومی نائب صدر طارق منصور،دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں، حاجی سید سلمان چشتی(اجمیر شریف)، حاجی سید محمد اشرف کچھوچھو ی، فرید احمد نظامی (نظام الدین اولیاء)، منظور الحق (جاوید قطب)، چشتی نصرالدین، مولانا سید کلب رشید رضوی، مولوی محمد نورانی نقشبندی، پیارے ضیا خان آکسیجن مین آف انڈیا، حسین آغابدی، کوثر حسن اور ناگپور،، احمد آباد کشمیر سے صوفی حضرات شامل تھے۔

وزیر اعظم کی رہائش گاہ سے چادر لے کر باہر آئے جمال صدیقی نے میڈیا سے کہا کہ یہ چادر ملک میں امن و امان، ہم آہنگی اور ترقی یافتہ ہندوستان کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گنگا جمنی تہذ یب و ثقافت کو برقرار رکھتے ہوئے یہ چادر خواجہ غریب نواز کی درگاہ کیلئے پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ ہندو، مسلمان، سکھ اور عیسائی مل کر ہندوستان کو عالمی لیڈر بنائیں گے اور ہندوستان میں امن اور بھائی چارے کی مثال قائم کریں گے۔بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی میڈیا انچارج یاسر جیلانی نے کہا کہ آج وزیر اعظم نریندر مودی نے خوا جہ غریب نواز کے عرس کے موقع پر عقیدت کے پھول اور چادر بھیجی ہے، جس کو لے کر بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی اجمیر درگاہ پر چادر پیش کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ جمال صد یقی کی قیادت میں ایک وفدنے آج سہ پہروزیر اعظم کے ذریعہ پیش کردہ چا در کے ساتھ درگاہ حضرت نظام الدین پر حاضری دی، جبکہ جمعہ کو صبح 9بجے مہرولی واقع درگاہ بابا قطب صاحب پر حاضری دی جا ئے گی اور اس کے بعد وفد جے پور کے لئے روانہ ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: کناڈا میں کوکین کی اسمگلنک کرنے والا ہندوستانی ٹرک ڈرائیور گرفتار

بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ روانہ کی گئی چادر ہفتے کو بعد نماز ظہر 2بجے درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی صاحب میں پیش کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS