نئی دہلی: سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا 84 برس کی عمر میں گزشتہ روز انتقال ہو گیا۔ یہ کئی روز سے اسپتال میں داخل تھے، ان کی حالت نازک تھی اور گزشتہ روز دیر شام انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔ آج 10 راجا جی مارگ پر ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس لیڈر راہل گاندھی سمیت متعدد سیاسی لیڈران ان کے آخری دیدار کر کے گلہائے عقیدت پیش کر چکے ہیں۔ اب بھی لیڈران کا ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پرنب مکھری کا آخری دیدار کرنے والوں میں کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد، بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر صحت ہرش وردھن اور کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری شامل ہیں۔
سابق صدر پرنب مکھرجی کا انتم سنسکار دوپہر ڈھائی بجے دہلی کے لودھی شمشان گھاٹ پر کیا جائے گا۔
راجستھان حکومت نے سابق صدر اور بھارت رتن پرنب مکھرجی کے انتقال پر ان کے اعزاز میں آج سرکاری دفتروں میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے ان کے انتقال پر ملک میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔