کشمیر میں ‘وسٹاڈوم’ ریل گاڑی چلی مگر دستاویزی فلم کی عکس بندی کے لئے

    0

    سری نگر: وادی کشمیر میں دو برس قبل متعارف کی جانے والی پہلی وسٹاڈوم ایئر کنڈیشنڈ ریل گاڑی کا ایک دستاویزی فلم کی عکس بندی کے لئے چلنا شروع ہو گیا ہے۔
    جموں و کشمیر انتظامیہ نے شمالی ریلویز کو ایک دستاویزی فلم کی عکس بندی کے لئے وسٹاڈوم ٹرین کو 31 اگست سے چار روز تک چلانے کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کو کہا تھا۔
    ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے ادھم پور – سری نگر – بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ پر بننے والی ایک دستاویزی فلم کی عکس بندی کے لئے اس خصوصی اے سی ریل گاڑی، جس کی چھت شیشے کی بنی ہے، کو چلانے کی ہدایات دی تھیں۔
    ریل گاڑی کی ٹرائل رن پیر کے روز انجام پذیر ہوئی جبکہ منگل کے روز یہ اے سی ٹرین بڈگام سے بانہال روانہ ہوئی۔
    بدھ کے روز 78 کلومیٹر طویل بانہال – سری نگر ریل لنک کی دستاویزی شوٹنگ ہوگی جبکہ 59 کلو میٹر طویل سری نگر – بارہمولہ ریل لنک کی شوٹنگ جمعرات کو ہوگی۔
    کشمیر میں تعینات شمالی ریلویز کے چیف ایریا منیجر ثاقت یوسف نے یو این آئی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا: 'یہ دستاویزی فلم انڈین ریلویز خود بنا رہی ہے۔ اس دستاویزی فلم کا مقصد مقامی معاشرے پر پڑنے والے مثبت اثرات اور وادی میں ریل سیاحت کی صلاحیت دکھانا ہے'۔
    قابل ذکر ہے کہ شمالی ریلویز نے وادی کشمیر میں ریل وے سفر کو دلکش و دل پذیر بنانے کے لئے سال 2018 میں شیشے کی چھت والی اے سی ٹرین متعارف کی تھی لیکن نامساعد حالات کی وجہ سے یہ ٹرین خدمات معطل ہی رہ گئی تھیں۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS