صدر جمہوریہ نے کارپوریشن سے متعلق قوانین کو دی منظوری

0

نئی دہلی (ایس این بی) : صدر جمہوریہ رام ناتھ کووندنے راجدھانی دہلی کے تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے انضمام اور فوجداری طریق کار کی شناخت کے قانون کو منظوری دے دی ہے۔پارلیمنٹ میں ان دونوں قوانین سے متعلق بلوں کی منظوری اور صدر کے ذریعہ ان کی منظوری کے بعد مرکزی سرکار نے اس سے متعلق ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ پارلیمنٹ نے ان دونوں بلوں کو رواں ماہ ختم ہونے والے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں منظور کیا تھا۔
میونسپل کارپوریشن ایکٹ کے مطابق دہلی میں 3 میونسپل کارپوریشنوں کے بجائے پہلے کی طرح دہلی میونسپل کارپوریشن وجود میں آ گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں تینوں کارپوریشنوں کی ذمہ داریاں، ملازمین اور وسائل دہلی میونسپل کارپوریشن کو منتقل ہو جائیں گے۔ ایکٹ کے مطابق دہلی میونسپل کارپوریشن اب مرکزی سرکارکے ماتحت ہوگی،کیوں ایکٹ میں لفظ ’گورنمنٹ‘ کے بجائے ’مرکزی سرکار‘ کا لفظ کیوں استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی راجدھانی میں نئی حد بندی کو بھی منظوری دے دی گئی ہے جس کی وجہ سے کارپوریشن میں وارڈوں کی تعداد موجودہ 272 سے کم ہو کر 250 رہ جائے گی۔ نئے نمائندوں کے انتخاب تک کارپوریشن چلانے کے لیے ایک ’خصوصی افسر‘ کی تقرری کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
کریمنل پروسیجر آئیڈینٹیفکیشن ایکٹ کے تحت پولیس کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ فوجداری مقدمات میں ملزمان کی جسمانی اور سائنسی شناخت کے نمونے جمع کر کے محفوظ کر سکے۔ صدر جمہوریہ نے پیر کو اس ایکٹ کی منظوری دی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS