جی ایس ٹی کے ٹیکس سلیب میں بڑی تبدیلی کا امکان

0

نئی دہلی، (ایجنسیاں) : مہنگائی کے مورچہ پر عام آدمی کے لیے ایک بری خبر ہے۔ دراصل جی ایس ٹی کی سب سے کم سلیب پر سرکار ٹیکس کی شرح بڑھا سکتی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے پی ٹی آئی نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق جی ایس ٹی کونسل اپنی اگلی میٹنگ میں سب سے کم ٹیکس سلیب کو 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر سکتی ہے۔
ریاستوں کے وزرائے خزانہ کا ایک پینل اس ماہ کے اواخر تک اپنی رپورٹ جی ایس ٹی کونسل کو سونپ سکتی ہے۔ اس میں سب سے کم سلیب کو بڑھانے اور سلیب کو باجواز بنانے سمیت ریونیو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فی الحال جی ایس ٹی ایک 4 سطحی ڈھانچہ ہے جس پر بالترتیب 5 فیصد، 12فیصد، 18 فیصد اور 28 فیصد کی شرح سے ٹیکس لگتا ہے۔ لازمی اشیا کو یا تو سب سے کم سلیب میں رعایت یا ٹیکس لگایا جاتا ہے، جبکہ پر تعیش اور غیر ضروری اشیا پر ہائی ٹیکس سلیب نافذ ہوتا ہے۔ لگژری اور تفریحی سامان پر سب سے زیادہ 28 فیصد سلیب پر سیس لگتا ہے۔ اس پر ٹیکس کلیکشن کا استعمال جی ایس ٹی رول آئوٹ ہونے کے بعد ریاستوں کو ریونیو نقصان کی تلافی کے لیے کیا جاتا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ ٹیکس سلیب کو 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنے سے اضافی 1.50 لاکھ کروڑ روپے سالانہ ریونیو حاصل ہو سکتا ہے۔ گنتی کے مطابق ایک فیصد کے اضافہ سے سالانہ 50 ہزار کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہو سکتا ہے۔ اس میں خاص طور پر ڈبہ بند خوردنی اشیا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزرا کا گروپ جی ایس ٹی کو 3 سطحی ڈھانچہ بنانا چاہتا ہے جس میں بالترتیب 8 فیصد، 18 فیصد اور 28 فیصد کی شرحوں میں ترمیم ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS