کانگریس نے معاشی پیکیج سے متعلق مودی حکومت کو نشانہ بنایا

0

نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اقتصادی پیکیج کی تیسری قسط کا اعلان کیا۔ جس کے بعد کانگریس نے مودی حکومت کو اقتصادی پیکیج کے نام پر اسکیموں کے بجٹ بنانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت  معاشی پیکیج کے نام پر بجٹ کی ہی اسکیموں کو سامنے رکھ رہی ہے اور اس کا یہ پیکیج صرف '13 صفر 'ثابت ہوا ہے۔ پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سورجے والا نے یہ دعوی بھی کیا کہ کسان اور مزدور مودی حکومت کے ایجنڈے میں کہیں نہیں ہیں۔ انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں کو بتایا "یہ جملہ اعلان پیکیج ہے۔" 20 لاکھ کروڑ روپے کا مودی حکومت کا یہ پیکیج صرف '13 صفر 'ثابت ہوا ہے۔ چیف ترجمان سورجے والا نے الزام لگایا،"وزیر خزانہ معاشی پیکیج کے نام پر صرف بجٹ کے منصوبوں کو ہی پیش کررہی ہیں۔ بجٹ کی اسکیموں کو معاشی پیکیج کے طور پر پیش کرنا قومی مفاد کے ساتھ کھلواڑ ہے۔"انہوں نے مزید کہا،"وزیر خزانہ نے گذشتہ تین روز میں جو اعلانات کیے ہیں، ان میں صرف قرض کے بارے میں بات کی گئی ہے۔ اس میں کسانوں اور مزدوروں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ کیا حکومت مشکل اوقات میں انہیں قرض دے کر اپنی ذمہ داری سے بچ سکتی ہے؟ '' غور طلب ہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے جمعہ کے روز زرعی پیداوار کی بحالی ، نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے اور مارکیٹنگ کی سہولیات کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے کے زرعی انفراسٹرکچر سہولت فنڈ کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ پی ایم مودی نے اپنے گذشتہ خطاب میں 20 لاکھ کروڑ روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا تھا۔  
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS