مودی کی سعودی ولی عہد کو دورے ہند کی دعوت

0

ریاض:وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی عرب کے قومی دن سے قبل ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اس کی مبارکباد دی اور انہیں جلد ہی ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ ہندوستان سفارت خانہ نے ایک ریلیز میں بتایا کہ وزیرخارجہ کے طور پر سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ کرنے والے ایس جے شنکر نے اعلیٰ قیادت سے ملاقات کر کے سیاسی، تجارتی، توانائی، دفاعی اور سکیورٹی سمیت سبھی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی تدابیر پر غور کیا۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اتوار کو جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہدہ شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور وزیراعظم مودی کا ایک تحریر کردہ پیغام انہیں سونپا۔ اس پیغام میں 23 ستمبر کو سعودی عرب کے قومی دن کی مبارکباد دی گئی ہے اور ولی عہد کو جلد ہی ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں ہندوستان کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کیا تھا۔ ’سعودی پریس ایجنسی‘ کی خبر کے مطابق میٹنگ کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی رشتوں اور انہیں مضبوط بنانے کے مواقع کے ساتھ ساتھ تازہ ترین علاقائی و بین الاقوامی امور پر غور کیا گیا۔ اس سے قبل اتوار کو ریاض میں جے شنکر نے اپنے سعودی ہم منصب پرنس فیصل بن فرحان کے ساتھ بات چیت کی اور موجودہ عالمی سیاسی و اقتصادی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے جی20- اور دیگر کثیر فریقی تنظیموں میں مل کر کام کرنے پر بھی رضامندی ظاہرکی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS