عرفان خان کے انتقال پر کئی اہم شخصیات نے کیا اظہار تعزیت

0

بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان کا آج 53برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال سے ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کئی بڑی شخصیات نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ 
معروف اداکار امیتابھ بچن نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”ابھی ابھی عرفان خان کے انتقال کی خبر ملی۔ یہ بہت زیادہ بے چین کرنے والی اور افسوسناک خبر ہے۔ ایک بے پناہ صلاحیت، ایک لاجواب ساتھی اداکار، فلمی دنیا کو بہت کچھ عطا کرنے والا، بہت جلدی چلا گیا۔ ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا… عبادت اور دعا۔“
 بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”عرفان خان کے بے وقت موت کی خبر جھنجھوڑ دینے والی ہے۔ یہ ہندوستانی سنیما کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میری ہمدردی عرفان کی بیوی اور بیٹے کے ساتھ ہے۔ عرفان کی روح کو سکون میسر ہو۔
اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا کہ انہیں بہت غم ہے عرفان خان کی موت پر  انہوں نے لکھا، "بہت جلد چلے گئے.. ایسا بہادر اداکار اور کتنی بہادری سے کینسر سے دوچار ہوا۔ نہ صرف ان کے کنبہ بلکہ پوری فلمی دنیا کے لئے یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ 
فلم ساز کرن جوہر نے فلمی یادوں کے لئے عرفان خان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے لکھا " ہمارے سنیما کو مزید تقویت دینے کے لئے آپ کا شکریہ …. ہم آپ کو بہت یاد کریں گے لیکن ہماری زندگیوں میں موجودگی پر ہمیشہ بے حد مشکور رہیں گے۔ سنیما …. ہم آپ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 
وزیراعظم مودی نے ان کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا انہوں نے لکھا 'عرفان خان کا انتقال سنیما اور تھیٹر کی دنیا کے لئے ایک نقصان ہے۔ ان کو مختلف میڈیموں میں اپنی بہمھی اداکاری کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔ ان کی روح کو سکون ملے۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کوون نے بھی ان کی موت پر اظہار تعزیت کیا ان کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ میں لکھا گیا،  'معروف اداکار عرفان خان کے غیر وقتی انتقال سے رنجیدہ ہیں۔ ایک نایاب ہنر اور ایک شاندار اداکار ، اس کے مختلف کردار اور قابل ذکر پرفارمنس ہماری یادوں میں قائم رہیں گے۔ سنیما اور لاکھوں فلمی شائقین کی دنیا کو ایک بہت بڑا نقصان۔ ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ عرفان خان کی بے مثال اداکاری جیسی دوسری مثال ملنی مشکل ہے۔ ان کی ادکاری نے زبانوں، ممالک اور مذہبوں کی سرحدوں کو توڑتے ہوئے اداکاری کا ایک ایسا لہجہ بنایا جس نے فن کے ذریعہ پوری انسانیت کو متحد کیا۔ عرفان کی اداکاری غیرمعمولی تھی اور انہوں نے جس فن کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے اسے محفوظ رکھا جائے گا۔ آپ کی اداکاری ہمارا اثاثہ ہے۔ ہم اسے سمبھال کر رکھیں گے۔
 راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”عرفان خان کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ بے شمار صلاحیتوں کے مالک وہ عظیم اداکار عالمی فلم اور ٹی وی دنیا میں نہایت مقبول ہندستانی برانڈ ایمبسڈر تھے۔ ان کو کبھی بھولا نہیں جا سکے گا۔ دکھ کی اس وقت میں ان کے گھر والوں، دوستوں اور فین کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔“

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS