اتراکھنڈکے مدارس میں اب این سی ای آر ٹی کا نصاب پڑھانے کا منصوبہ

0

دہرادون، (ایجنسیاں) : اتراکھنڈ میں مدارس کے سروے کے بعد دھامی حکومت کا ایک اور ایکشن پلان بنا ہے۔ اب ریاست بھر کے مدارس میں ’این سی ای آر
ٹی‘(NCERT) کا نصاب پڑھایا جائے گا۔ اس کے لیے حکومت کی جانب سے ٹھوس حکمت عملی بنا کر کام کیا جا رہا ہے۔
اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین شاداب شمس نے کہا کہ ریاست بھر میں بورڈ کے ماتحت 103 مدارس چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مدارس میں این سی
ای آر ٹی کا نصاب لاگو کیا جائے گا۔ کچھ منتخب مدارس میں اس سال جبکہ باقی مدارس میں این سی ای آر ٹی کا نصاب اگلے سال تک ہر حال میں نافذ کیا جائے
گا۔انہوں نے بتایا کہ مدارس کے طلبا نماز کے بعد قرآن کی تلاوت کریں گے۔ شمس نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا
جائے گا کہ طلبا بڑے ہو کر ڈاکٹر، انجینئر، کھلاڑی، سائنسداں بن کر ریاست اور ملک کا خوب نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں مدارس کی حالت
کو بہتر بنانے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ ملک اور ریاست کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں رہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پشکر سنگھ
دھامی نے اتراکھنڈ میں چلائے جانے والے مدارس کے سروے کے بارے میں بات کی تھی۔ دھامی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مدارس میں بہت
سی بے ضابطگیوں کی شکایات ہیں، اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے مدارس کی تحقیقات اور سروے کروانے کا ذہن بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS