نئی دہلی (ایجنسیاں) : ملک میں گزشتہ 16دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 14ویں بار اضافہ کیا گیا ہے۔ اس دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے ۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بدھ کو ان دونوں ایندھن کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کیا۔قومی راجدھانی دہلی میں آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80-80پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول 105.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 96.67روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ وہیں ممبئی میں آج 84پیسے کے اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 120.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 85پیسے سے بڑھ کر 104.77 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے ۔ دوسری جانب مرکزی سرکار کے ذریعہ قدرتی گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد دہلی، ممبئی اور گجرات میں سی این جی کی قیمتوں میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔ مہانگر گیس لمیٹڈ (ایم جی ایل) نے ممبئی میں سی این جی کی قیمت 7روپے فی کلوگرام بڑھا کر 67 روپے فی کلوگرام کردی ہے، جبکہ گجرات گیس نے شرحوں میں 6.5 روپے فی کلو کا اضافہ کرکے اسے 76.98 روپے کردیا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں اندرپرستھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل ) نے سی این جی کی قیمت میں 2.5روپے فی کلو کا مزید اضافہ کیا، جس سے گزشتہ ایک مہینے میں شرحوں میں کل اضافہ تقریباً 10روپے فی کلو ہوگیاہے۔ آئی جی ایل کی ویب سائٹ پر دی گئی اطلاع کے مطابق دہلی میں سی این جی کی قیمت 66.61 روپے فی کلو گرام ہوگئی ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشے پر تیل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 137 دنوں کے استحکام کے بعد 22مارچ 2022سے بڑھنا شروع ہو گئی ہیں۔ کمپنیوں نے 24مارچ اور یکم اپریل کو چھوڑ کر ہر روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے ۔ لندن برینٹ کروڈ آج 0.23 فیصد اضافے کے ساتھ 106.88ڈالر فی بیرل اور امریکی کروڈ 0.01فیصد اضافے کے ساتھ 101.97 ڈالر فی بیرل پرپر کاروبار کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔
ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھراضافہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS