خانہ کعبہ میں کورونا پابندیوں کے بغیر نماز جمعہ ادا

0

مکہ معظمہ (ایجنسیاں) : ڈیڑھ سال بعد مسجد الحرام میں کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد آج پہلے جمعہ میں ہی خانہ کعبہ نمازیوں سے بھر گیا اور اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ کورونا وبا کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں انتہائی کم تعداد میں ہی نمازیوں کو آنے کی اجازت تھی اور باجماعت نماز میں بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری تھا۔ یہ پابندیاں ڈیڑھ سال جاری رہنے کے بعد گزشتہ ہفتے ختم کردی گئیں۔ سعودی عرب کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا پابندیوں کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے سماجی فاصلے کے اسٹیکرز ہٹا دیئے گئے اور خانہ کعبہ و مقام ابراہیم کے گرد حائل رکاوٹیں ختم کردی گئی تھیں۔ جس کے بعد 17 اکتوبر کو پہلی بار بغیر سماجی فاصلے اور کورونا کی دیگر پابندیوں کے بغیر نماز ادا کی گئی تھی اور پھر سے خانہ کعبہ’استووا، اقیموا صفوفکم، تراصوا‘یعنی سیدھے کھڑے ہوجائیں، صفیں درست کرلیں اور کندھے سے کندھا ملالیں کی صداؤں سے گونج اْٹھا تھا۔ آج کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد پہلے اجتماع جمعہ میں بھی خانہ کعبہ نمازیوں سے بھر گیا۔ ویکسین شدہ شہری جوق در جوق مطاف میں داخل ہوئے اور اپنے رب کے حضور نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ الحمد اللہ اور سبحان اللہ کہتے ایک دوسرے کو مبارک باد دینے والے نمازیوں کی آنکھیں نم تھیں۔
دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے ضوابط میں نرمی کیے جانے کے بعد بڑی تعداد میں عمرہ زائرین حرم شریف پہنچ گئے ہیں۔ سربراہ حرمین شریفین شیخ عبد الرحمن السدیس کی جانب سے انتظامیہ کو سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مسجد الحرام کے اندرونی صحنوں و ملحق راہداریوں کی ہمہ وقت سینیٹائزنگ کی جا رہی ہے، سینیٹائزنگ اور دیگر امور کے لیے 4 ہزار سے زائد مرد و خواتین کارکنوں کو تعینات کر دیا گیا ہے، مسجد الحرام میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ درجۂ حرارت چیک کرنے والے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور خانہ کعبہ میں مختلف مقامات پر 50 ہزار سے زائد آبِ زم زم کی بوتلوں کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS