سری نگر: (یو این آئی) وسطی ضلع بڈگام کے مین ٹاؤن میں لوگوں نے مرکزی امام بارگاہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ضلع انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور ان کا الزام تھا کہ وہ آج کے دور میں بھی تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس موقع پر جموں وکشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا بڈگام ٹاؤن آج بھی بنیادی سہولیات جیسے پینے کے صاف پانی اور بجلی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370 منسوخی کے بعد یہ بلند بانگ دعوے کئے گئے کہ اب جموں وکشمیر میں ہر طرف تعمیر و ترقی کا دور دورہ ہوگا لیکن وہ ترقی کہیں بھی نظر نہیں آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڈگام ٹاؤن میں لوگ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں جبکہ ہم مسلسل گذشتہ چار برسوں سے اس کے لئے احتجاج کر رہے ہیں۔ موصوف صدر نے کہا کہ یہی حال بجلی کا بھی ہے جس کی آنکھ مچولی نے لوگوں کا جینا دو بھر کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹی والے فیس جمع کرنے کے لئے پیش پیش ہوتے ہیں جبکہ علاقے میں کتوں کی ہڑ بونگ ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ آغا حسن موسوی نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں یہاں تین سو بستروں والا ہسپتال قائم کرنے اور پاٹواؤ علاقے میں تعمیر ہونے والی مولانا آزاد نینشل اردو یونیورسٹی کو چالو کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک اس ضمن میں کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے فوراً سے پیشتر ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیا تو ہم سڑکوں پر آکر احتجاج درج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
بڈگام ٹاؤن میں لوگوں کا ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج، بینادی سہولیات سے محرومی کا کیا دعویٰ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS