جے پور: (یو این آئی) راجستھان میں راجسمند، بھیلواڑہ ضلع کی سہاڑا اور چورو ضلع کی سوجان گڑھ اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لے آج ووٹنگ سخت حفاظتی انتظاماتت کے درمیان پرامن طریقہ سے جاری ہے اور دوپہر بارہ بجے تک تقریباً تیس فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
تینوں اسمبلی سیٹوں پر پولنگ سخت انتظامات کے درمیان صبح سات بجے پرامن طریقہ سے شروع ہوئی۔شروع میں ووٹنگ کی رفتار سست رہی لیکن بعد میں آہستہ آہستہ بڑھتے ہوئے دوپہر بارہ بجے تک 29.82فیصد تک پہنچ گئی۔ ان میں راجسمند میں 31.87، سہاڑا میں 30.13اور سوجان گڑھ میں 27.89فیصدپولنگ ہوئی۔ حالانکہ پولنگ کے پہلے گھنٹے میں تقریبا پانچ فیصد ووٹنگ کی خبر ہے لیکن بعد میں کورونا کی دوسری لہر کے خوف کے باوجود رائے دہندگان میں ووٹنگ کے تئیں کافی جوش و خروش نظر آرہا ہے اور آہستہ آہستہ ووٹنگ بڑھ رہی ہے اور صبح نو بجے تک 10.56 فیصد پولنگ پہنچ گئی۔ ان میں راجسمند میں 11.23، سہاڑا میں 10.77 اور سوجان گڑھ میں 9.84فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
پولنگ کے شروع میں کچھ مقامات پر الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں معمولی گڑ بڑ ی کی شکایتیں ملیں جنہیں فوری طورپر درست کردیا گیا۔محکمہ نے آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور محفوظ پولنگ کے لئے تمام ضروری اقدامات اور انتظامات کئے ہیں اور عالمی وبا کے منظر تمام 1145پولنگ مراکز کو پولنگ شروع ہونے سے پہلے سینی ٹائز کیا گیا۔ رائے دہندگان کو پولنگ سے پہلے ان کے درجہ حرارت جانچ کرکے، ہاتھ سینی ٹائز کراکے ان کے ہاتھوں میں دستانے پہنانے کے بعد پولنگ مرکز میں داخلہ دیا جارہا ہے۔کسی بھی پولنگ مرکز میں ماسک کے بغیر داخلہ نہیں دیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS