ایمس، صفدر جنگ اور آر ایم ایل اسپتالوں میں مریضوں کوایمرجنسی جانچ کے لیے بھی کئی دنوں بعد کی مل رہی ہیں تاریخیں

0

نئی دہلی (ایس این بی) : مرکزی سرکار کے تحت چلنے والے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، صفع جنگ اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال میں اب بھی مریضوں کو کئی دنوں بعد کی الٹراساؤنڈ، سٹی اسکین، ایم آر آئی سمیت خون، پیشاب سمیت دیگر کئی طرح کی پیتھالوجیکل ٹیسٹنگ کے لیے تاریخ دی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے گزشتہ ماہ ان تینوں ہی اسپتالوں کا دورہ کیا تھا جس کے بعد کئی مریضوں سے ان کی پریشانیوں سے روبرو بھی ہوئے تھے۔ مریضوں اور ان کے رشتہ داروں نے یہی گزارش کی تھی کہ اگر ہمارا درد بانٹنا چاہتے ہیں تو صاحب ان اسپتالوں میں کم سے کم جانچ کی ویٹنگ کو ختم کروا دیتے۔ وزیر موصوف نے بھی ان اسپتالوں کے چیف کی ایمرجنسی میٹنگ لینے کے بعد کئی مشوروں کے بعد کہا کہ وہ خدمات کا دائرہ وسیع کریں اور مریضوں کو کم سے کم اسی دن ڈائیگنوسٹک خدمات فراہم کریں۔ اس کے لیے ویٹنگ ختم کرائیں۔ کچھ دنوں تک تو او پی ڈی میں نئے آنے والے مریضوں میں سے 35 فیصد لوگوں کو جانچ سہولت اسی دن دی گئی لیکن اب تک واک ان او پی ڈی، ایمرجنسی تک میں مریضوں کو جانچ کے لیے کئی دنوں کی ویٹنگ کا مسئلہ دور نہیں ہوسکا ہے۔ ان اسپتالوں میں کینسر، دل، ہڈی سے متعلق امراض کا طویل وقت سے علاج کررہے مریضوں نے مرکزی وزیر صحت کو الگ الگ مکتوب لکھ کر یاد دلایا ہے کہ ابھی اسپتال انتظامیہ جانچ رپورٹس دینے کے معاملے میں پرانے راستے پر ہی چل رہے ہیں۔ آپ سے اپیل ہے کہ ان مسائل کو دور کرنے کے لیے ایمرجنسی پہل کریں۔ ایمس میں ڈپارٹمنٹ آف ریڈیالوجی کے چیف ڈاکٹر دیپ نارائن شریواستو نے کہا کہ کچھ تکنیکی پریشانیوں کو دور کردیاگیا ہے۔ اب یہاں پر جلد ہی ایکسرے کے بعد اب دہلی ایمس میں الٹراساؤنڈ کے لیے بھی واک ان کی سہولت ملے گی۔ آئندہ کچھ دن میں یہ خدمات شروع ہونے جارہی ہیں۔ اس کے تحت معمر، بچے، خواتین اور سنگین مریضوں کو سب سے پہلے فائدہ دیا جائے گا۔ اس کے بعد یہ خدمات سبھی طرح کے مریضوں کے لیے شروع کردی جائیں گی۔ الٹراساؤنڈ جانچ کرانے کے لیے ابھی مریض کو تقریباً ایک ہفتہ کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اس کے ایک دو دن رپورٹ آنے میں وقت لگتا ہے۔ اس کی وجہ سے علاج میں کافی تاخیر ہوتی ہے۔ واک ان سہولت شروع ہونے کے بعد انہیں ایک ہی دن میں الٹراساؤنڈ جانچ اور اس کی رپورٹ ملنے کی سہولت ہوگی۔2شفٹ میں کام کرتے ہوئے فی الحال ویٹنگ کو صفر پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک ایک دن میں ایمس میں 200 سے زیادہ الٹراساؤنڈ کئے جارہے ہیں۔ جانچ ایک ہی دن میں ممکن ہوپائے گی اور اس کی رپورٹ بھی آئندہ 24 گھنٹے کے اندر آن لائن مہیا ہوگی، جسے موبائل فون سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔ اس کے بعد مریض کو جانچ کرانے کے لیے اسپتال دوبارہ آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ایمس کے علاوہ صفدرجنگ، آر ایم ایل میں اب تک صحت خدمات پرانے دھرے پر ہی چل رہی ہیں۔ ابھی ایم آر آئی جانچ کے لیے بھی کافی لمبی ویٹنگ دی جارہی ہے۔ ایمرجنسی وارڈ سے جڑے مریضوں کو چھوڑ کر دیگر کے لیے مہینوں لمبی ویٹنگ مل رہی ہے۔ ایسے میں ایمس انتظامیہ کو ایم آر آئی جانچ کو لے کر مسائل کا حل کرنے میں وقت بھی لگ رہا ہے۔ ایک سینئر ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ایکسرے اور الٹراساؤنڈ کی طرح ایم آر آئی جانچ کی ویٹنگ بھی کم ہونی چاہئے، لیکن ان کی وزارت سے نگرانی بہت ضروری ہے، تاکہ افسر انہیں جلد سے جلد عمل میں لاسکیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS