پٹیالہ میں’خالصتان مخالف مارچ‘کے دوران پرتشدد تصادم

0

پٹیالہ/ چنڈی گڑھ، (یو این آئی) : پنجاب کے تاریخی شہر پٹیالہ میں آج 2 برادریوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے دوران پولیس کو مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کےلئے ہوا میں گولیاں چلانی پڑیں۔ خیال رہے کہ جمعہ کو خالصتانی دہشت گرد اور سکھ فار جسٹس تنظیم کے بانی گرپتونت پنو نے خالصتان یوم تاسیس منانے کا اعلان کیا تھا اور شیو سینا نے احتجاجاً خالصتان مردہ آباد مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔جب شیو سینا کے کارکن خالصتان مردہ آباد مارچ نکال رہے تھے تو کالی دیوی مندر کے قریب سکھ تنظیموں اور شیو سینا کے کارکنوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ اس دوران مندر کے قریب دونوں طرف سے تلواریں بھی چلائی گئیں اور پتھرائو بھی کیا گیا۔ حالات کو بے قابو ہوتے دیکھ کر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی موجودگی میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔ کچھ پتھر پولیس اہلکاروں کو بھی لگے، جس کے بعد پولیس کو ہلکی طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ جھڑپ کے دوران 4 افراد زخمی ہوگئے۔ اب صورتحال کشیدہ ،لیکن قابو میں ہے۔ڈی ایس پی نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر شہر میں پولیس کی بھاری نفری
تعینات کی گئی ہے اور دونوں تنظیموں کو مظاہرے اور مارچ کرنے سے روک دیا گیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (پٹیالہ رینج) راکیش اگروال نے کہا ہے کہ اس وقت
صورتحال قابو میں ہے۔ افواہوں کی وجہ سے معاملہ بھڑک گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں مدد کریں۔
دریں اثنا پٹیالہ میں پرتشدد جھڑپوں کو قابل مذمت اور بدقسمتی قرار دیتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے جانچ کی ہدایت دیتے ہوئے لوگوں سے افواہوں سے
گریز کرنے اور امن و امان کے ساتھ ساتھ محبت، امن، باہمی بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ جمعہ کو مسٹر مان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بحران کی گھڑی میں تحمل کا مظاہرہ کریں اور دونوں برادریوں کے درمیان تصادم کے سلسلے میں پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو امن اور ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس دوران مسٹر مان نے ٹویٹ کیاکہ پٹیالہ میں تصادم کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ میں نے ڈی جی پی سے بات کی ہے اور علاقے میں امن بحال ہو گیا ہے۔ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی کو بھی ریاست میں گڑبڑ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پنجاب کا امن اور ہم آہنگی بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ اپنی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایسا کام نہیں کیا جانا چاہیے، جس سے ہمارے پرامن ماحول میں خلل پڑے ، کیونکہ ہم سب پنجاب کو ملک کی سب سے پرامن، ہم آہنگی اور خوش حال ریاست بنانے کےلئے پرعزم ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS