پٹھانکوٹ حملہ پاکستان نے نہیں بلکہ چین نے کروایا تھا،نعیم اختر کا سنسنی خیز انکشاف

    0

    سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
    پی ڈی پی کے ایک پالیسی ساز اور سابق وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی کے دستِ راست نعیم اختر نے چین پر ہندوپاک تعلقات کو خراب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پٹھانکوٹ حملے کو پاکستان کی بجائے چین ہی کی کارستانی بتایا ہے۔
    طویل نظربندی سے رہائی کے بعد غالباََ اپنے پہلے انٹرویو میں نعیم اختر نے ایک انگریزی جریدے کو بتایا کہ بھارت کو اپنی ترقی کیلئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو سنوارنا ہی ہوگا۔نعیم اختر نے توقع کے برعکس نئی دلی یا بھاجپا سرکار کے تئیں غصے کا اظہار کئے بغیر ہندوپاک اور چین کے ارد گرد گھومنے والی باتیں کی ہیں اور ہندوپاک کے تعلقات میں بہتری کی وکالت کی ہے۔کئی سوالات کے مفصل جواب میں نعیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے سے بھارت کیلئے دنیا کا دروازہ کھل سکتا ہے جبکہ فی الوقت وہ ایک خول میں بند معلوم ہوتا ہے۔
    ایک سوال کے جواب میں نعیم اختر کا کہنا ہے کہ چین کئی سال سے بھارت پاکستان تعلقات کو خراب کرتا آرہا ہے یہاں تک کہ چین جیشِ محمد اور اسکے چیف مسعود اظہر کو تحفظ دیتا آرہا ہے۔چین کے حوالے سے انکے جواب کی وضاحت مانگتے ہوئے انسے پوچھا گیا ہے ’’کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ پٹھانکوٹ (حملہ) چین نے کیا تھا؟‘‘۔اس سوال کے جواب میں نعیم اختر نے کسی چوں و چرا کے بغیر صاف صاف چین پر الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے ’’ہاں، بصورت دیگر چین صرف مسعود اظہر کو ہی کیوں گود لے لیتا۔اس نے ایسا حافظ سعید یا صلاح الدین کے ساتھ کیوں نہیں کیا؟ بد قسمتی سے بھارت کی اسٹریٹجک کمیونٹی بے حِس ہے۔وہ حقیقت نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔وہ آنکھیں بند کرکے حکمران طبقہ کا موقف اختیار کرتے ہیں‘‘۔
    جموں کے پٹھانکوٹ میں ایک فوجی کیمپ پر تب جنگجوئیانہ حملہ ہوا تھا کہ جب وزیرِ اعظم مودی کسی دعوت کے بغیر اچانک پاکستان جاکر اُسوقت کے وزیرِ اعظم نواز شریف کے ساتھ مختصر ملاقات کرکے آئے تھے۔اس غیر متوقع اور اچانک ملاقات سے دونوں ممالک کے آپسی تعلقات کے بہت زیادہ دوستانہ ہوجانے کے امکانات دیکھے ہی جارہے تھے کہ پٹھانکوٹ حملے نے روایتی دشمنوں کے تعلقات اس حد تک خراب کردئے کہ دونوں کے درمیان گفتگو کے سبھی سلسلے ٹوٹ گئے۔پاکستان کے بار بار کے انکار کے باوجود بھارت نے اس حملے کیلئے خود پاکستان کو ہی موردِ الزام ٹھہرایا تھا لیکن جموں کشمیر میں سابق وزیر نعیم اختر کے مطابق یہ حملہ پاکستان نے نہیں بلکہ چین نے کروایا تھا۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS