پاکستان میں سیلاب سے تباہی، ہلاکتوں کی تعداد 1000سے متجاوز

0

اسلام آباد (یو این آئی) : پاکستان میں تباہ کن سیلاب کا سلسلہ جاری ہے اور اس تباہی میں مرنے والوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے اب تک 1000 سے زائد افراد ہلاک اور 1527 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی 719558 جانور بھی مر چکے ہیں۔
صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 119 افراد جاں بحق اور 71 زخمی ہوئے ۔ صوبہ سندھ میں 76، خیبرپختونخوا میں 31، گنگت بلتستان میں چھ، بلوچستان میں چار اور پی او کے میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان بھر میں 3451.5 کلومیٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے اور 149 پل گر گئے ہیں جبکہ 170 دکانیں تباہ ہو چکی ہیں۔ تقریباً دس لاکھ سے زائد مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا ہے ۔پاکستان کے کم از کم 110 اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں جن میں سے 72 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے ۔ ریسکیو ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے 51275 افراد کو بچا لیا ہے اور 498442 افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔
وسری جانب پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے سبب متاثرہ افراد کی امداد کے لیے کینیڈا سمیت عالمی برادری کی جانب سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔کینیڈین وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ہرجیت سجن نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے پاکستان میں امدادی کارروائیوں کے لیے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کو 20 ہزار ڈالر مختص کیے ہیں۔یہ فنڈز پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پانی، صفائی اور حفظان صحت کی خدمات اور نقد امداد کے لیے استعمال کرے گی۔ہرجیت سجن نے مزید کہا کہ ’ہم صورتحال کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملکی شراکت داروں اور کثیر الجہتی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ دیکھیں کہ کینیڈا پاکستانی عوام کے لیے کیا اضافی مدد فراہم کر سکتا ہے‘۔کینیڈا، اقوام متحدہ کے سنٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ (سی ای آر ایف) کا بھی عطیہ دہندہ ہے جس نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 30 لاکھ ڈالر مختص کیے ہیں۔
یہ فنڈنگ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت، غذائیت، خوراک، پانی اور صفائی کے لیے استعمال کی جائے گی۔کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری خدمات جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے یو این سی ای آر ایف کے ذریعے مدد فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’میری طرح ملک بھر کے عوام پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے بارے میں فکرمند ہیں‘۔کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے پاکستان میں انسانی جان کے تحفظ کی کوششوں پر کینیڈین وزیراعظم اور کینیڈین عوام کا شکریہ ادا کیا۔کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے کہا کہ ’پاکستان میں سیلاب کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، ہمیں صورتحال پر گہری تشویش ہے اور ہم پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے‘۔ہرجیت سجن نے مزید کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب نے ہمیں دل شکستہ کر دیا ہے، میرے احساسات اپنے خاندان کو کھو دینے والوں اور ان لاکھوں لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے گھروں کو ان جان لیوا سیلاب میں تباہ ہوتے دیکھا ہے‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS