عدالتی نظام میں خرابی کو دور کرنا ہی ہمارا مقصد:ہائی کورٹ

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : ایک اہم فیصلہ میں دہلی ہائی کورٹ نے دارالحکومت دہلی کے تمام مقدمات کو فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے ، جن میں نابالغوں کے خلاف مبینہ چھوٹے جرائم میں جووینائل جسٹس بورڈ (جے جے بی) کے سامنے تحقیقات زیر التوا ہیں اور جن پرایک سال سے زائد عرصے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم جوینائل جسٹس (بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ) ایکٹ (جے جے ایکٹ) کے سیکشن 14 کے تحت دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے جرائم کرنے والے کسی بھی بچہ کے خلاف جانچ ، بورڈ کے سامنے پہلی پیشی کی تاریخ کے بعد 4 ماہ کے اندر ختم ہونا ضروری ہے۔ ایسے معاملات میں تفتیش کی مدت کو زیادہ سے زیادہ 2ماہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ شق میں کہا گیا ہے کہ اگر انکوائری بے نتیجہ رہی تو ایسی کارروائی ختم ہوجائے گی۔ جسٹس سدھارتھ مردل اور انوپ جیرام بھنبھانی نے کہا کہ ہم عدالتی نظام میں خرابی کو دور کرنے کے لیے یہ حکم دے رہے ہیں ، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے معاملات کو مزید زیر التوا رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ بینچ نے کہا کہ بچوں/نوعمروں کے خلاف چھوٹے چھوٹے جرائم کا الزام لگانے والے ایسے تمام معاملات کی جانچ فورا ختم کردی جائے جن میں تفتیش زیر التوا ہے اور ایک سال سے زائد عرصے تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس میں اس بات کو نہیں دیکھاجائے گا کہ آیا بچے/نابالغ کو جے جے بی کے سامنے پیش کیا گیایا نہیں۔ عدالت کو ڈی سی پی سی آر نے بتایا کہ اس سال 30 جون تک نوعمروں کے چھوٹے چھوٹے جرائم سے متعلق 795 مقدمات 6جے جے بی کے تحت 6ماہ سے ایک سال سے زیر التوا ہیں۔ اور 1108 مقدمات ایک سال سے زائد عرصے سے زیر التوا ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS