ترکی اور یو اے ای کے باہمی تعلقات کو آگے لیجانا ہمارا ہدف: اردگان

0

انقرہ(ایجنسیاں) : صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ہمراہ ہمارا مشترکہ ہدف دو طرفہ تعلقات کو ہر شعبے میں کہیں زیادہ بلند سطح تک لیجا نا ہے۔صدراردگان نے ابو ظہبی میں یو اے ای کے آجران اور سرمایہ کاروں سے خطاب کیا۔ایردوان نے کہا ہے کہ قیمتی دوست شیخ محمد بن زائد کے گزشتہ برس ماہ نومبرمیں دورہ ترکی سے ہمارے ممالک کے مابین تعلقات میں ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔ تجارتی تعلقات کے فروغ ، سرمایہ کاری میں اضافے کے معاملے پر ہم مشترکہ ارادے کے مالک ہیں۔ہمارے کل کے مذاکرات میں اس دو طرفہ مفاہمت کی تصدیق کی ہے۔ہم نے 13 معاہدے طے کیے ہیں۔ متحدہ عرب امارات ترکی کا خلیجی علاقے میں نمایاں شراکت دار ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارا مشترکہ ہدف دو طرفہ تعلقات کو ہر شعبے میں فروغ دینا ہے۔ کل ہم نے وسیع شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون قائم کرنے کا معاہدوں کی صورت میں عندیہ دیا ہے۔ ترکی اور یو اے ای اقتصادی اعتبار سے ایک دوسرے کی کمی کو پورا کرنے والے ممالک ہیں اور انہوں نے قلیل مدت کے اندر طویل فاصلہ طے کیا ہے، بری، ہوائی ، بینکاری اور فنانس سمیت ہر شعبے میں اقتصادی روابط کو تقویت دینے کے لیے ہم لازمی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ترکی کی 85 ملین کی آبادی، بلندی کی جانب مائل صنعتی پیداوار ، با ہنر روز گار اور مضبوط بنیادی ڈھانچہ اسے دوسرے ممالک کے لیے جاذب نظر بنا رہا ہے۔صدر نے مزید کہا کہ عالمی شرح نمو میں 3.4 فیصد کی گراوٹ آئی ہے، لیکن ہم نے 1.8 فیصد سے ترقی کی تھی۔ گزشتہ برس ہم نے ریکارڈ 225 ارب ڈالر کی برآمدات سر انجام دی ہیں۔واضح رہے کہ صدر رجب طیب اردگان متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوسرے روز دارالحکومت ابوظہبی میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد دبئی پہنچ گئے۔اردگان نے دبئی ایکسپو 2020 لیڈر شپ ایکسپو فیلڈ میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماوں نے بعد میں وفود کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔صدر اردگان نے اپنے دورے کے دوران وزٹنگ بک میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے ترکی کے قومی دن کے نام سے منسوب ایکسپو 2020 دبئی کی نمائش کی قیادت اور میزبانی کرنے پر بڑی خوشی ہوئی ہے۔ میں اس موقع پر اپنے پیارے عزیز بھائی المکتوم کی گرمجوشی کا شکر گزار ہوں۔ میں متحدہ عرب امارات کو ایکسپو 2020 کے ذہنوں کا جوڑ، مستقبل کی تخلیق کے زیر عنوان نمائش کا کامیابی سے منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS