نئی دہلی، (یو این آئی) طب یونانی و دیگر روایتی طب بنی نوع انسان کی صدیوں سے خدمت کر رہی ہیں اور یہ صحت عامہ و تندرستی سے متعلق نئے مسائل سے نمٹنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، یہ بات ڈاکٹر او پی مشرا،جوائنٹ کمشنر آف پولیس،دہلی پولیس نے آج یہاں نئی دہلی میں کہی۔
وہ یونانی ڈے 2023 سے قبل کی سرگرمیوں کے طور پرریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن (آرآر آئی یوایم)، نئی دہلی، سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند کے زیر اہتمام صحت عامہ وتندرستی میں طب یونانی کے کردار پر منعقدقومی سیمینار کے دوران اپنا صدارتی خطبہ پیش کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمر رسیدہ آبادی میں اضافہ،نت نئے مزمن امراض، ماحولیاتی تبدیلیاں اوربہترے علاقوں میں معیاری صحتی خدمات تک رسائی کا فقدان آج کے بڑے چیلنجز ہیں اور طب یونانی اپنے کفایتی اور موثر علاج اور جامع نقطہ نظر کے ساتھ ان سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد افشار عالم، وائس چانسلر، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی نے کہا کہ مجرب علاج، غذا اور صحت مند طرززندگی کے رہنما اصول اورمانع امراض تدابیر کے ذریعے جدید دور کے صحتی مسائل سے نمٹنے کے لیے طب یونانی میں کافی صلاحیتیں موجود ہیں۔انہوں نے آگے کہاکہ سی سی آریوایم نے یونانی طب کے فروغ کے لیے تحقیق کے میدان میں قابل قدر کارنامے انجام دیے ہیں اور مختلف قسم کے پروگرام کے ذریعہ صحت عامہ کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔
سی سی آریوایم کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر عاصم علی خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ یونانی ڈے 2023 کی تقریبات سے قبل کی سرگرمیوں کے طور پر سی سی آر یوایم کے ماتحت اداروں کے ذریعے اس سیمینارکے علاوہ بھی مختلف سیمینارمنعقد کئے جاچکے ہیں اور آئندہ 10-11 فروری 2023 کو صحت عامہ کے لیے طب یونانی کے موضوع پربین الاقوامی کانفرنس تک اور بھی کئی سیمینارمنعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حفظان صحت اور مختلف بیماریوں سے تحفظ کے لیے طب یونانی میں بہت کچھ ہے اور سی سی آر یو ایم عوامی مفاد میں صحت عامہ کے مختلف پروگرام چلا رہی ہے۔
افتتاحی تقریب کا اختتام ڈاکٹر راحت رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر،آرآر آئی یو ایم، نئی دہلی کے کلمات تشکر کے ساتھ ہوا۔ سیمینار میں تکنیکی اجلاس کے دوران ماہرین نے پرمغزمقالے پیش کئے اور سیمینار کے موضوع پر تبادلہ خیال کئے۔