ایک کروڑ 24 لاکھ ویکسین ڈوزز کا آرڈر دیا ہے: جموں و کشمیر حکومت

0

سری نگر: (یو این آئی) جموں و کشمیر میں کووڈ 19 ویکسین کی عدم دستیابی کی شکایتوں کے بیچ حکومت نے کہا ہے کہ 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری کے لئے ایک کروڑ 24 لاکھ ویکسین ڈوزز کا آرڈر دیا گیا ہے۔
حکومت نے کہا کہ جہاں 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری کے لئے پیشگی رجسٹریشن کوون ویب سائٹ اور موبائیل ایپلی کیشن پر شروع ہو چکی ہے وہیں ویکسینیشن مہم مقررہ تاریخ یعنی یکم مئی 2021 سے شروع نہیں ہو رہی ہے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ویکسین سپلائی دستیاب ہو جانے پر متذکرہ عمر کے زمرے میں آنے والے لوگوں کی ٹیکہ کاری شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
جموں و کشمیر انتظامیہ نے یہ تفصیلات جمعے کو محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کئی سلسلہ وار ٹویٹس میں فراہم کیں۔
ویکسین ڈوزز منگوانے سے متعلق کہا گیا: ‘جموں و کشمیر نے 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری کے لئے ایک کروڑ 24 لاکھ ویکسین ڈوزز کا آرڈر دیا ہے’۔
اٹھارہ سے پنتالیس سال کی عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن کے بارے میں کہا گیا ہے: ‘جہاں 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری کے لئے رجسٹریشن کوون ویب سائٹ اور موبائیل ایپلی کیشن پر شروع ہو چکی ہے وہیں ویکسینیشن یکم مئی 2021 سے شروع نہیں ہو رہی ہے۔ ویکسین سپلائی دستیاب ہو جانے پر ٹیکہ کاری شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا’۔
ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا ہے: ‘ویکسینیشن کے لئے پیشگی رجسٹریشن ضروری ہے۔ ابھی تک سلاٹوں کو بکنگ کے لئے نہیں کھولا گیا ہے۔ اس کے لئے آپ ویکسینیشن شروع کرنے کی تاریخ کے اعلان کا انتظار کریں’۔
ایک ٹویٹ میں 18 سے 45 سال کے لوگوں سے گزارش کی گئی کہ وہ سلاٹوں کی بکنگ کے بغیر ویکسینیشن سنٹروں پر نہ جائیں۔ مہربانی کر کے مہم کو شروع کرنے کی تاریخ کا انتظار کریں۔
تاہم ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری معمول کے مطابق جاری ہے۔
دریں اثنا انتظامیہ کی لوگوں سے کورونا ویکیسن لگوانے کی تاکید کے بیچ لوگوں نے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کورونا ویکیسن کی عدم دستیابی کا الزام لگایا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن سینٹروں پر ویکسین دستیاب نہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک خاتون کو ایک سینٹر کے باہر یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ‘ہم یہاں لگاتار ویکسین لگوانے کے لئے آ رہے ہیں لیکن یہاں بولا جاتا ہے کہ ویکسین پرسوں دستیاب ہوگا اور جب اس دن آتے ہیں تو یہاں کہا جاتا ہے آج بھی دستیاب نہیں ہے، ہم کہاں روز روز یہاں آئیں گے، کسی کے پاس اپنی گاڑی نہیں ہے ایک طرف لاک ڈاؤن ہے، خطرہ ہے، مجھے لگتا ہے کہ میں خود کورونا پازیٹیو ہوں’۔
قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 24 اپریل کو اعلان کیا کہ جموں و کشمیر میں 18 سے 45 سال کی عمر کے سبھی لوگوں کو کووڈ 19 ویکسین مفت لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکیس پر آنے والے خرچے جموں و کشمیر کی حکومت برداشت کرے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا تھا: ‘یونین ٹریٹری میں 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کو مفت کووڈ 19 ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ویکسین پر آنے والے خرچے جموں و کشمیر کی حکومت برداشت کرے گی۔ اس اعلان پر عمل درآمد کی خاطر محکمہ صحت ایک پینل تشکیل دے گا’۔
اسی ٹویٹر ہینڈل پر ایک اور ٹویٹ میں 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کو ویکسین لگوانے کے لئے رجسٹریشن کرانے کو کہا گیا تھا۔
ٹویٹ میں کہا گیا تھا: ‘اگر آپ کی عمر 18 سے 45 سال کے درمیان ہے تو کووڈ 19 ویکسین کے لئے خود کو رجسٹر کریں۔ رجسٹریشن 28 اپریل 2021 سے www.cowin.gov.in پر شروع ہو رہی ہے’۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS