ملک آپ کا ہے، بی جے پی لیڈروں کی جاگیر نہیں: پرینکاگاندھی

0

وارانسی (ایجنسیاں) : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتوار کو وارانسی کے جگت پور میں کسان انصاف ریلی کی ۔ پرینکا نے کہا کہ اس ملک کے وزیر مملکت برائے داخلہ کے بیٹے نے لکھیم پور میں اپنی گاڑی کے نیچے 6 کسانوں کو کچل دیا۔ یہاں کے وزیراعلیٰ مرکزی وزیر کادفاع کررہے ہیں، جس کے بیٹے نے ایسا کام کیا ہے ۔ وزیراعظم لکھنو آسکتے تھے۔ وہ دو گھنٹے کی دوری پر لکھیم پور نہیں جاسکتے ، ان کسانوں کے آنسو پوچھنے کیلئے؟ پرینکاگاندھی نے کہا کہ جب تک مرکزی وزیر کا استعفی نہیں ہوجاتا، ہم لڑتے رہیں گے۔ میں نے وہاں جانے کی کوشش کی تو راستے میں ہر طرف پولیس کی گھیرابندی تھی، لیکن جرائم پیشہ کو پکڑنے کیلئے کوئی نہیں نکلا۔ جرائم پیشہ کو دعوت بھیجا کہ آکر ہم سے بات کیجئے۔ کیا کسی ملک میں ایسا دیکھا ہے کہ کسی جرائم پیشہ کو پولیس دعوت دے۔ جب میں صحافی رمن کشیپ کے گھر گئی تو بتایا گیا کہ انہیں جیپ کے نیچے کچلا گیا۔ کیونکہ وہ سچ کا ویڈیو بنا رہے تھے۔ سبھی لوگوں نے کہا کہ انہیں سرکار سے انصاف کی امید نہیں ہے، کیونکہ ہمیں انصاف دلانے والا اس حکومت میں نہیں نظرآرہا ہے۔
کورونا کے دور میں اگر کوئی اسپتال کہتا تھا کہ ہمارے پاس آکسیجن نہیں ہے تو سرکار اس پر حملہ کررہی تھی۔ ہاتھرس کا حادثہ ہوا،تو اس میں سب نے دیکھا کہ سرکار نے جرائم پیشوں پر حملہ نہیں کیا۔ ہاتھرس میں سرکار نے متاثرہ کنبہ کو آخری رسومات تک ادا کرنے نہیں دی۔ اس کنبہ نے بھی کہا کہ دیدی انصاف چاہئے، لیکن ہم انصاف کی امید نہیں رکھ سکتے۔ یہ ملک برباد ہورہا ہے۔ اس بات کو آپ سب لوگ پہچانئے۔سچائی کیا ہے اور اسے بولنے سے ڈر کیوں رہے ہیں؟ وقت آگیا ہے۔ انتخاب کی بات نہیں ہے، اب ملک کی بات ہے۔یہ ملک آپ کا ہے، بی جے پی کے لیڈروں، وزرا اور وزیراعظم کی جاگیر نہیں ہے۔ اگر آپ بیدار نہیں ہوں گے اور ان کی سیاست میں الجھے رہیں گے تو آپ کچھ نہیں کرپائیں گے۔ آپ کو جو تحریک کاری اور دہشت گرد کہتے ہیں ان کو انصاف دینے کیلئے مجبورکیجئے۔ کانگریس کے کارکنان کو جیل میں ڈالیئے اور ماریئے ، لیکن ہم ڈریں گے نہیں۔ جب تک وزیر مملکت برائے داخلہ استعفیٰ نہیں دے دیتے ہیں، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہم کانگریس کے کارکنان ہیں۔ ہم نے ملک کی آزادی کی لڑائی لڑی ہے۔ ہم کسی سے نہیں ڈریں گے۔ صرف ایک سوال اپنے دل سے پوچھئے، 7 سال سے جب سے یہ سرکار آئی ہے آپ کی زندگی میں ترقی ہوئی ہے کہ نہیں۔ اگر نہیں توآپ ہمارے کاندھوں سے کاندھا ملاکر لڑیئے اور جب تک تبدیلی نہ ہو جدوجہد کرتے رہئے۔ پرینکا گاندھی نے کہاکہ وزیراعظم نے گزشتہ سال اپنے لئے 2 ہوائی جہاز خریدے۔ دونوں جہاز کی قیمت 16ہزار کروڑ روپے ہے اور اس ملک کی ایئر انڈیا کو 18ہزارکروڑ روپے میں اپنے دوستوں کو فروخت کر دیا اب آپ لوگ سمجھ سکتے ہیں کہ اس ملک میں ہوکیارہا ہے۔دلت ، نشاد اور عورتیں سبھی پریشان ہیں، لیکن میڈیا میں ہمیشہ یہی آتا ہے کہ ہم سب محفوظ ہیں۔ اس ملک میں دو طرح کے لوگ محفوظ ہیں۔ ایک جو بی جے پی کے لیڈر ہیں اوردوسرے وہ جو ان کے کھرب پتی دوست ہیں ۔ باقی اس ملک میں کسی مذہب اور ذات کے لوگ محفوظ نہیں ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS