گاندھی جینتی کے موقع پر مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد 2اکتوبر کو

0

نئی دہلی(ایس این بی)2اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی جانب سے درگاہ سید حسن، پنچکوئیاں روڈ (دہلی) پر مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کیمپ آر ڈبلیو اے درگاہ سید حسن کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔ اس کیمپ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید احمد خان نے بتایا کہ یہ کیمپ حکیم اجمل خان کے مقبرے کے پاس لگایا جارہا ہے۔ اس کیمپ کے ذریعہ ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی اور آزادی پسند رہنما مسیح الملک حکیم اجمل خان کا نظریہ وہی تھا جو قوم کے لیے وقف تھا۔ آیوروید اینڈ یونانی طبیہ کالج (قرول باغ) کا افتتاح مہاتما گاندھی نے تقریباً ایک سو چار سال پہلے کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکیم اجمل خان اور گاندھی جی چاہتے تھے کہ آیوروید اور یونانی کے کالج ایک ساتھ پورے ملک میں قائم ہوں لیکن آزادی کے بعد ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی نظام طب کو فروغ دینے کے لیے وزارت آیوش تشکیل دی، اس سے ملک میں روایتی ہندوستانی نظام طب کو فروغ دینے کا موقع ملا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ طب یونانی کو حکومتی سطح پر آیوروید کے مساوی مقام ملنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے دیسی طریقہ علاج کے مکمل فروغ اور تعلیمی نظام کے لیے ’نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن‘ بنایا گیا ہے، جس میں آیوروید کا بورڈ الگ بنایا گیا اور ریجنل پیتھیوں کے ساتھ طب یونانی کو جوڑ کر الگ بورڈ بنایا گیا ہے جبکہ طب یونانی کا بورڈ بھی آیورید کی طرح ہی الگ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ہمارا مطالبہ حکومت سے یہ ہے کہ ’نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن‘ سے طب یونانی کو الگ کرکے ہومیوپیتھی کے طرز پر طب یونانی کا الگ سے کمیشن قائم کیا جائے کیونکہ آیوروید کی طرح طب یونانی بھی ملک بھر میں یکساں مقبول ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS