عمر عبداللہ بارہمولہ،آغا سید روح اللہ سری نگر سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار

0

نئی دہلی: نیشنل کانفرنس نے وادی کشمیر کی دو سیٹوں کے لئے اپنے امید واروں کا اعلان کردیا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے جبکہ پارٹی کے سینئر لیڈر آغا سید روح اللہ مہدی سری نگر لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ یہ اعلان پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے روز گپکار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے سامنے کیا۔

اس موقع پر عمر عبداللہ، آغا سید روح اللہ کے علاوہ پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔ واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس نے جنوبی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ سے پارٹی کے سینئر لیڈر میاں الطاف احمد کو پہلے ہی امیدواری دے چکی ہے۔

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی امیدواری کے اعلان کے بعد میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ سے میرا مقابلہ کسی امید وار کے خلاف نہیں ہے بلکہ ان طاقتوں کے خلاف ہے جو ان امیدواروں کے پیچھے کھڑی ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹھاکروں کے گاؤں میں ووٹ مانگنے پہنچے بی جے پی امیدوار کی فضیحت، واپس لوٹنا پڑا

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تینوں سیٹوں پر ہماری لڑائی بی جے پی کے خلاف ہے، مجھے بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے اس لئے کھڑا کیا گیا کیونکہ بی جے پی اس سیٹ پر زیادہ زور لگا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS