چنئی (یو این آئی) : بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (ایف آئی ڈی ای ) نے منگل کو اعلان کیا کہ ہندوستان میں منعقد ہونے والے 44ویں شطرنج اولمپیاڈ سے ہر اولمپیاڈ میں مشعل ریلے کو شامل کیا جائے گا۔ایف آئی ڈی ای نے کہا کہ اولمپک طرز کی روایت کے مطابق مشعل ریلے ہمیشہ شطرنج کی جائے پیدائش ہندوستان سے شروع ہوگی۔ اس کے بعد مشعل میزبان شہر پہنچنے سے پہلے تمام براعظموں کا سفر کرے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وقت کی پابندیوں کی وجہ سے اس سال شطرنج اولمپیاڈ مشعل ریلے صرف ہندوستان میں ہی چلے گی۔ایف آئی ڈی ای کے صدر آرکڈی دوارکووچ نے کہاکہ اس اقدام سے شطرنج کے کھیل کو مقبول بنانے اور پوری دنیا میں شائقین کی حمایت میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اولمپک گیمز کی روایت کے مطابق اولمپیاڈ کے اگلے ایڈیشن سے مشعل تمام براعظموں میں ایف آئی ڈی ای کے رکن ممالک کا سفر کرتے ہوئے آخر کار شطرنج اولمپیاڈ کے آغاز سے پہلے میزبان ملک اور شہر تک پہنچے گی۔شطرنج اولمپیاڈ کا آئندہ ایڈیشن 28 جولائی سے 10 اگست تک مہابلی پورم میں منعقد ہونے والا ہے ۔ اس تاریخی ایونٹ کو پہلے ہی 187 ممالک کی اوپن اور خواتین کی کیٹیگریز میں ریکارڈ 343 ٹیمیں مل چکی ہیں۔شطرنج کی تاریخ میں تقریباً 100 برسوں میں پہلی بار ہندوستان اولمپیاڈ کی میزبانی کرے گا۔اولمپیاڈ کے ڈائریکٹر بھرت سنگھ چوہان نے کہاکہ اولمپکس کے لیے ایتھنز کی جو اہمیت ہے وہی ہندوستان کی شطرنج برادری کے لیے بھی ہوگی۔ شطرنج اولمپیاڈ کو ہندوستان میں لانا ہمارا خواب تھا اور اب یہ اعلان ہمیں نہ صرف خوش کرتا ہے بلکہ انتہائی فخر بھی محسوس کراتا ہے ۔ ہم جلد ہی حکومت، ایف آئی ڈی ای اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے راستے اور تاریخوں کا اعلان کریں گے ۔آل انڈیا شطرنج فیڈریشن کے صدر سنجے کپور نے کہاکہ یہ یقینی طور پر ملک کی نوجوان نسل کو متاثر کرے گا جو ہندوستانی شطرنج کا مستقبل ہے ۔
اولمپیاڈ مشعل ریلے کا آغاز ہندوستان سے ہوگا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS