امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کو دئیے جانے والے فنڈ کو روکنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ امریکہ کا الزام ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے کرونا سے متعلق صحیح معلومات چھپائی ہے۔ وہیں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا فنڈ روکنے کے لئے یہ صحیح وقت نہیں ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی انتظامیہ کو امریکہ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو دئیے جانے والے فنڈ کو روکنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او پر کورونا وائرس (کووڈ -19) کے پھیلنے سے روکنے میں ناکام رہنے اور اس سے متعلق صحیح معلومات چھپانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہا ”آج میں اپنی انتظامیہ کو ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ کو روکنے کی ہدایت دے رہا ہوں۔ کووڈ -19 کے حوالہ سے بدنظمی اور اس کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کو چھپانے میں ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا“۔
ٹرمپ نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالہ سے ڈبلیو ایچ او کی جوابدہی طے کی جانی چاہیے۔ امریکی صدر نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس کیسز کے آغاز کے ساتھ ہی ڈبلیو ایچ او اسے قابو کرنے میں ناکام رہا اور اس سے متعلق اصل صورت حال کو مسلسل چھپاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ڈبلیو ایچ او کوسالانہ 40 سے 50 کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرتا ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ڈبلیو ایچ او نے وقت پر طبی ماہرین کو چین میں بھیج کر اصل صورت حال کا اندازہ کیا ہوتا اور اس وبا کے سلسلے میں چین کی جانب سے شفافیت میں کمی پر عالمی برادری کو آگاہ کیا ہوتا تو اس وبا کو روکا جا سکتا تھا ۔ اس سے ہزاروں لوگوں کی زندگی بچائی جا سکتی تھی اور عالمی معیشت کو ہونے والے نقصان کو بھی بچا جا سکتا تھا۔
قابل غور ہے کہ عالمی وبا کووڈ -19 نے امریکہ میں بھیانک شکل اختیارکرلی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرکے 25992 ہوگئی ہے جبکہ 608458 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں
دوسری طرف اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے امریکی صدر کے ذریعہ ڈبلیو ایچ او کی مالی امداد روکے جانے سے متعلق بیان منظر عام پر آنے کے بعد کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا فنڈ روکنے کے لئے یہ صحیح وقت نہیں ہے۔ انہوں نےکہا کہ ”یہ وقت ڈبلیو ایچ او یاکووڈ-19 کے خلاف جنگ لڑنے والے کسی دوسرے انسان ساختہ تنظیم کی مہم کے ذریعہ میں کمی کرنے کا وقت نہیں ہے، جیسا کہ میں نے پہلے کہا ہے، یہ وقت اس وبا کو روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری کے متحد ہونے کا ہے“۔