آئندہ 24 جولائی تک کانگریس کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی نہیں: محکمہ انکم ٹیکس

0

نئی دہلی (یو این آئی): محکمہ انکم ٹیکس نے کانگریس پارٹی سے مبینہ طور پر 3500 کروڑ روپے کی ٹیکس وصولی کے معاملے میں پیر کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر وہ 24 جولائی تک اس (کانگریس) کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی نہیں کرے گا۔.

سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جسٹس بی وی ناگرتھنا اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح کی بنچ کے سامنے کانگریس پارٹی کی عرضی پر سماعت کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کا موقف پیش کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ کو یقین دلایا کہ عام انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی سے دو مالیاتی برسوں میں انکم ٹیکس کے حکام کے 3,500 کروڑ روپے کے مطالبے کے سلسلے میں 24 جولائی تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

مہتا نے بنچ کے سامنے کہا “چونکہ عام انتخابات ہونے والے ہیں، محکمہ وصولی کی کارروائی نہیں کرے گا اور نہ ہی کوئی تعزیری کارروائی کرے گا۔”
اس معاملے میں مسٹر مہتا کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد عدالت عظمیٰ نے اگلی سماعت کے لیے 24 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے ۔
کانگریس کی طرف سے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے پارٹی کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے دلیل دی کہ درخواست گزار صرف ایک سیاسی جماعت ہے منافع کمانے والی تنظیم نہیں ہے ۔

مسٹر سنگھوی نے بنچ کو بتایا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے پہلے ہی کانگریس پارٹی کے 135 کروڑ روپے ضبط کر لیے ہیں۔
تاہم مسٹر مہتا نے عدالت کے سامنے تقریباً 3500 کروڑ روپے کے واجبات کی وصولی کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ کے نوٹس کا جواب داخل کیا جائے گا۔

بنچ کے سامنے بیان دیتے ہوئے مسٹر مہتا نے کہا کہ اپیلوں سے پیدا ہونے والے مسائل پر ابھی انکم ٹیکس کا فیصلہ آنا باقی ہے، لیکن موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ انکم ٹیکس اس معاملے کو بڑھانا نہیں چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس ٹیکس وصولی کے معاملے میں کانگریس کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہیں کرے گا۔
عدالت عظمیٰ نے ان کا بیان ریکارڈ کر لیا۔

مزید پڑھیں: عدالت نے کیجریوال کو پندرہ اپریل تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا

دہلی ہائی کورٹ نے 28 مارچ کو کانگریس کی درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا جس میں حکام کی جانب سے اس کے خلاف چار سال کی مدت کی انکوائری کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
کانگریس نے اپنی عرضی میں 2014-15 سے 2016-17 تک انکم ٹیکس کی جانچ سے متعلق دوبارہ جانچ کی کارروائی کے آغاز کو چیلنج کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS