نتن اگروال یوپی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب

0

لکھنؤ:(یواین آئی):اترپردیش اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں بی جے پی حمایت یافتہ سماج وادی پارٹی(ایس پی)کے باغی لیڈر نتن اگروال کو اسمبلی کا دپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔
اسمبلی کے اسپیکر ہردئے نارائن دکشت نے بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے نتن اگروال کے علاوہ ایس پی کے نریندر ورما نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ نتن اگروال کو کل 304 ووٹ ملے جب کہ ایس پی کے نریندر ورما کو 60ووٹ ملے۔ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لئے ووٹنگ میں کل 368 ووٹ پڑے تھے جس میں 364ووٹ ویلڈ رہے ۔اسمبلی احاطے میں ڈپٹی اسپیکر کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 11:30بجے شروع ہوکر شام تین بجے تک چلا۔اس دوران کراس ووٹنگ جم کر ہونے کے آثار تھے۔ اس الیکشن میں کانگریس اور بی ایس پی نے بائیکاٹ کیا حالانکہ مانا جاتا ہے کہ کانگریس کی ادتی سنگھ اور راکیش سنگھ نے نتن اگروال کے حق میں ووٹنگ کی۔ اس کے علاوہ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے چار اراکین اسمبلی نے بھی بی جے پی حمایت یافتہ امیدوار کو ووٹ کیا۔ادھر بی ایس پی کے باغی رکن اسمبلی اسلم راعینی نے اپنے دیگر سات باغی ساتھیوں کے ساتھ ایس پی کے نریندر ورما کے حق میں ووٹ ڈالا۔
اس سے پہلے لکھیم پور کھیری تشدد اور مہنگائی سمیت تمام مسائل کے سلسلے میں سماج وادی پارٹی(ایس پی)نے اترپردیش اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ کانگریس نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلی امور کی برخواستگی کے مطالبے کے ساتھ ایوان کی کاروائی کا بائیکاٹ کیا۔اسمبلی احاطے میں کانگریس کے ریاستی صدر اجئے کمار للو اور پارٹی کی اسمبلی میں لیڈر آرادھنا مشرا مونا سمیت دیگر اراکین دھرنے پر بیٹھ گئے۔ ان کے ہاتھوں میں تختیاں تھیں کہ مرکزی وزیر کی برخواستگی تک لڑائی جاری رہے گی کسانوں کو انصاب کب ملے گا اور مرکزی وزیر کی برخواستگی کب ہوگی۔مسٹر للو نے کہا کہ ان کی پارٹی کے اراکین سے ایوان کی کاروائی میں شرکت کے بجائے لکھیم پور کھیری کے کسانوں کو انصاف دلانے کے لئے دھرنے پر بیٹھنا مناسب سمجھا ہے۔ حکومت کسانوں کو نظر اندازکررہی ہے۔ مملکتی وزیر کا بیٹا جیل میں ہے تو ایسے میں ان کا عہدے پر بنے رہنا کتنا مبنی برانصاف ہے۔ مسٹر مشر کے عہدے میں رہتے ہوئے کسانوں کو انصاف ملنا ممکن نہیں ہے۔ادھر اسمبلی اجلاس سے قبل سماج وادی پارٹی اراکین اسمبلی نے اسمبلی کے سامنے مخالفت میں کالے غبارے اڑائے۔ مہنگائی کی مخالفت میں ایس پی اراکین نے ہاتھ میں گیس سلنڈر کا پوسٹ لگا کر احتجاج کیا۔ اسمبلی گیٹ کے باہر موجود پولیس اہلکار نے اراکین اسمبلی کو ہٹایا۔اسمبلی کی کاروائی شروع ہونے کے بعد ایوا ن نے سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے انہیں جذباتی خراج عقید ت کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS