نئی دہلی: 26 ویں’’ہنر ہاٹ‘‘کا افتتاح 20 فروری کو وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ جی کریں گے

0
Image: The Economic Times

نئی دہلی: ملک بھر کے دستکاروں، کاریگروں اور معماروں کے دیسی مصنوعات کے 26 ویں “ہنر ہاٹ” کا افتتاح وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ جی 20 فروری 2021 کو صبح 9:30 بجے نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں کریں گے۔
’ہنر ہاٹ‘کی افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر مملکت برائے جہاز رانی اور آبی گزرگاہ (آزادانہ چارج) شری من سُکھ مانڈویہ جی اور لوک سبھا کی ممبر پارلیمنٹ محترمہ میناکشی لیکھی جی مہمان خصوصی ہوں گے۔
دیسی کاریگروں،دستکاروں اور شِلپ کاروں کے 26 ویں “ہنر ہاٹ” کا انعقاد وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے 20 فروری 2021 سے یکُم مارچ 2021 تک “ووکل فارلوکل” کے عنوان سے کیا جا رہا ہے۔
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور جناب مختار عباس نقوی صاحب نے آج یہاں بتایا کہ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ اسِ “ہنر ہاٹ” میں آندھرا پردیش، آسام، بہار، چندی گڑھ، چھتیس گڑھ، دہلی، گوا، گجرات،ہریانہ،ہماچل پردیش،جموں۔کشمیر، جھارکھنڈ، کرناٹک، کیرالہ، لداخ، مدھیہ پردیش، منی پور، میگھالیہ، ناگالینڈ، اوڈیشہ،پڈوچیری،پنجاب،راجستھان،سکم،تمل ناڈو، تلنگانہ، اتر پردیش، اتراکھنڈ،مغربی بنگال سمیت ملک کے31 سے زائد ریاستوں / مرکزی علاقوں سے 600 سے زائد دیسی کاریگر، دستکار اور شِلپ کار اپنی شاندار دیسی مصنوعات کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔
جناب نقوی نے کہا کہ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ “ہنر ہاٹ” میں،ایک ہی چھت کے نیچے ملک کے کونے کونے سے دیسی ساخت کی نایاب مصنوعات دیکھنے اور خریدنے کو ملیں گی۔ “ہنر ہاٹ” کے “باورچی خانے ” میں ملک کے تمام صوبوں اور خطوں کے لذیذ اور روایتی پکوانوں کا،یہاں آنے والے لوگ لطف اٹھائیں گے ساتھ ہی ملک کے مشہور فنکاروں کے مختلف ثقافتی، گیت، سنگیت کے شاندار پروگراموں سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔ “ہنر ہاٹ” میں آنے والے لوگ ایک ہی جگہ پر بھارت کی “تکثیریت میں اتّحاد ” کی طاقت کا احساس کر سکیں گے۔
جناب نقوی نے کہا کہ وزارتِ اقلیتی امور کے ذریعہ ملک بھر کے دستکاروں، شلپ کاروں کی دیسی مصنوعات کو عوام تک پہنچانے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے “مستند پلیٹ فارم” ، “ہنر ہاٹ” کے ذریعہ اب تک پانچ (5) لاکھ سے زائد دستکاروں، شلپ کاروں، کاریگروں اور فنکاروں کو روزگار اور روزگار کے مواقع سے جوڑ دیا گیا ہے۔ آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے ساتھ، 75ہنر ہاٹ کے ذریعہ سات(7) لاکھ پچاس(50) ہزار دستکاروں، شلپ کاروں کو روزگار کے مواقع سے جُو ڑا جائے گا۔
جناب نقوی نے کہا کہ “ہنر ہاٹ” ای۔پلیٹ فارمhunarhaat.org //:http کے ساتھ ہی جیم (GeM) پورٹل کے ذریعہ ملک اور بیرونِ ممالک میں بسنے والے لوگوں کے لئے بھی دستیاب ہے، جہاں لوگ براہ راست دستکاروں، شلپ کاروں، کاریگروں کی بہترین د یسی اشیاء کو دیکھ اور خرید رہے ہیں۔ “ہنر ہاٹ” کو ای۔پلیٹ فارم اور جیم (GeM) پورٹل کے ذریعہ نمائش کرنے کے زبردست نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے تحت دستکاروں، شلپ کاروں کو بڑے پیمانے پر آن لائن آرڈر بھی مل رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS