نئی دہلی (یو این آئی) : ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنے والے نیزہ باز نیرج چوپڑا اور چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان روی دہیا سمیت 11 کھلاڑیوں کو ملک میں کھیل کے اعلیٰ اعزاز میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ کرکٹر شیکھر دھون سمیت 35کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔قومی کھیل ایوارڈ ہر سال 29اگست کو میجر دھیان چند کے یوم پیدائش پر صدر جمہوریہ کی طرف سے پیش کیے جاتے ہیں، لیکن اس بار ٹوکیو اولمپکس اور پیرا اولمپکس ایک ہی وقت میں ہونے کی وجہ سے یہ ایوارڈ پیش کرنے میں تاخیر ہوئی ہے ۔کھیل رتن کیلئے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں میں نیرج چوپڑا، روی دہیا، ہاکی گول کیپر پی آر سری جیش، فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھتری، خاتون کرکٹر میتالی راج، خاتون باکسر لولینا بورگوہین، پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی پرمود بھگت، سمیت انتل، اونی لیکھڑا، کرشن ناگر اور منیش ناروال شامل ہیں۔ ارجن ایوارڈ کیلئے منتخب کیے گئے 35کھلاڑیوں میں مردوں کی ہاکی ٹیم کے وہ تمام اراکین شامل ہیں، جنہوں نے 41 سال بعد ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تاریخی تمغہ جیتا ہے اور جن کو اس سے پہلے یہ ایوارڈ نہیں ملا اور تمام پیرا اولمپک تمغہ یافتگان بھی شامل ہیں۔ نیشنل اسپورٹس ایوارڈز کمیٹی نے حکومت کو ان 35 کھلاڑیوں کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ کھیل رتن ایوارڈ کو پہلے راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کے نام سے موسوم کیا جاتا تھا، لیکن حکومت نے اس سال اس میں ترمیم کرکے اس ایوارڈ کو دھیان چند کھیل رتن کا نام دیا۔ اس ایوارڈ میں 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم شامل ہے۔گزشتہ سال 5 کھلاڑیوں کو کھیل رتن ایوارڈ دیا گیا تھا، لیکن ٹوکیو اولمپکس اور پیرا اولمپکس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی تاریخی کارکردگی کے اعتراف میں اس بار یہ تعداد 11تک پہنچ گئی ہے ۔نیرج نے ٹوکیو میں 87.58 میٹر کی دوری تک برچھا پھینک کر طلائی تمغہ جیتا۔ وہ ایتھلیٹکس میں اولمپک تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔سلیکشن کمیٹی نے اس بار ارجن ایوارڈ کیلئے 35ناموں کی سفارش کی ہے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے 8 زیادہ ہے ۔ ان ناموں میں بائیں ہاتھ کے اوپنر شیکھر دھون کا نام بھی شامل ہے، جو متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
نیرج چوپڑا،میتالی راج 11 کھلاڑیوں کو کھیل رتن اور35کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS