نئی دہلی (ایس این بی) :روزنامہ راشٹریہ سہارا کے ایڈیٹر سید نفیس حسن عابدی کا8 اور9مئی کی درمیانی شب 12:00بجے لکھنؤ میں 60برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ مرحوم گزشتہ کافی عرصہ سے علیل تھے، لیکن کچھ دنوں سے ان کی طبیعت زیادہ خراب چل رہی تھی۔ حال ہی میں ان کے پتے کی پتھری کا آپریشن ہوا تھا۔ پوری طرح صحت یاب بھی نہ ہوئے تھے کہ سینے کے انفیکشن کی شکایت ہوگئی۔ 15 دنوں تک آئی سی یو میں ایڈمٹ رہے، لیکن کورونا وبا کی وجہ سے ڈاکٹروں کے مشورے سے انہیں گھر لے جایا گیا،جہاں برابر علاج چلتا رہا، لیکن افاقہ نہ ہوا۔ مرحوم عابدی صاحب کی تدفین لکھنؤ کے عیش باغ واقع ملکہ جہاں قبرستان میں9مئی کو دوپہر ایک بجے عمل میں آئی۔ سید نفیس حسن عابدی راشٹریہ سہارا سے ابتدائی دنوں سے ہی وابستہ تھے۔ مرحوم حالات سے گھبرانے کے بجائے فہم و فراست سے کام لیتے ہوئے ان کا سامنا کرنے اور انہیں موافق بنانے کا ہنر جانتے تھے۔ مشکل ترین حالات میں مسکراہٹ ان کے چہرے سے جدا نہیں ہوتی تھی۔ مزاج میں ٹھہراؤ، سنجیدگی، متانت، انکساری، سادگی، ملنساری، خوش مزاجی اور بے نیازی ان کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ گزشتہ 26فروری کو مرحوم عابدی صاحب کی اہلیہ رضیہ فاطمہ اپنے مالک حقیقی سے جاملی تھیں۔ پسماندگان میں 3بیٹیاں اور 2بیٹے ہیں۔
روزنامہ راشٹریہ سہارا کے ایڈیٹر نفیس حسن عابدی کاانتقال
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS