مسلمان نیوز اینکر مہدی حسن نے لائیو شو کے دوران چینل کو خیرباد کہہ دیا

0

کیلیفورنیا (یو این آئی): امریکی نیوز نیٹ ورک ایم ایس این بی سی کے مسلمان نیوز اینکر مہدی حسن نے لائیو شو کے دوران چینل کو خیرباد کہہ دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیبل نیوز کے میزبان مہدی حسن نے اتوار کو اپنے شو کے اختتام پر کہا کہ وہ دوسرے مواقع حاصل کرنے کے لیے چینل چھوڑ رہے ہیں۔

امریکی نیوز نیٹ ورک ایم ایس این بی سی نے غزہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مبینہ طور پر نومبر میں مسلمان اینکر کا پروگرام ’دا مہدی حسن شو‘ کو معطل کر دیا تھا، تاہم یہ بھی کہا گیا تھا کہ مہدی حسن ایک سیاسی تجزیہ کار اور اینکر کے طور پر چینل کے ساتھ کرتے رہیں گے۔

مہدی حسن نے کہا ’’اس شو کے ختم ہونے کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ایک نیا چیلنج تلاش کروں، آج رات مہدی حسن شو کی صرف میری آخری قسط نہیں ہے، یہ چینل کے ساتھ بھی میرا آخری دن ہے، میں نے چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔‘‘
شو کینسل کرنے پر چینل کو منفی رد عمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، امریکی سیاسی ایکشن کمیٹی (پی سی سی سی) نے فیصلہ واپس لینے کے لیے ایک پٹیشن بھی شروع کر دی ہے، جب کہ امریکی کانگریس کے اراکین رو کھنہ اور الہان عمر نے بھی اس پر سخت تنقید کی ہے۔

امریکی ریاست کی نمائندہ الہان عمر نے کہا کہ مہدی حسن امریکا میں سب سے زیادہ شان دار اور ممتاز مسلمان صحافیوں میں سے ایک ہیں، یہ انتہائی پریشان کن ہے کہ مسلم مخالف تعصب اور مسلم آوازوں کو دبانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے درمیان ایم ایس این بی سی یہ شو منسوخ کر رہا ہے، آزادئ اظہار کی پروا کرنے والوں کو اس پر فکر مند ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں: شیخ حسینہ واجد کی جماعت نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی

واضح ہوکہ، مہدی حسن کی سوشل میڈیا پوسٹس اس بات کی عکاس ہیں کہ وہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جان سے جانے والے فلسطینیوں سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ مہدی حسن نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ غزہ میں بہادر فلسطینی صحافیوں کے بغیر معصوم لوگوں پر اس جنگ کے ہول ناک اثرات کے بارے میں باقی دنیا کو بتانے والا کوئی نہیں ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS